مغربی بنگال: ارپتا مکھرجی کے دوسرے فلیٹ میں بھی ملی کثیر رقم، پیسے گننے 5 مشینیں لے کر پہنچے ای ڈی افسران

ای ڈی نے ارپتا مکھرجی کے دوسرے فلیٹ پر اچانک چھاپہ ماری کی، ای ڈی کو اطلاع ملی تھیں کہ وہاں پر بھی نقدی چھپا کر رکھی گئی ہے، یہ خبر اس وقت صحیح ثابت ہوئی جب ای ڈی افسران کو وہاں سے نوٹوں کا انبار ملا۔

ارپتا مکھرجی، تصویر آئی اے این ایس
ارپتا مکھرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کے وزیر پارتھ چٹرجی کے لیے مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ ان کی قریبی ارپتا مکھرجی کے گھر سے کچھ دن پہلے ہی تقریباً ایک کروڑ روپے کے نقد نوٹ ملے تھے، اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ان کے دوسرے فلیٹ پر بھی کثیر رقم موجود ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی کی ٹیم نے پیسے گننے کے لیے پانچ مشینیں منگوا لی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ گھر کولکاتا کے بیلگھریا ٹاؤن کلب میں ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ای ڈی نے ارپتا مکھرجی کے دوسرے فلیٹ پر اچانک چھاپہ ماری کی۔ ای ڈی کو ایسی خبریں ملی تھیں کہ وہاں پر بھی نقدی چھپا کر رکھی گئی ہے۔ یہ خبر اس وقت صحیح ثابت ہوئی جب ای ڈی افسران کو وہاں سے نوٹوں کا انبار ملا۔ ارپتا کے دوسرے فلیٹ پر کتنی رقم موجود ہے، اس سلسلے میں فی الحال کوئی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔


واضح رہے کہ ای ڈی کی یہ کارروائی ایجوکیشن گھوٹالہ معاملے میں ہو رہی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی نے بنگال حکومت میں وزیر پارتھ چٹرجی کو گرفتار بھی کر چکی ہے۔ اس گھوٹالے میں ان سے کئی گھنٹوں کی پوچھ تاچھ ہو چکی ہے۔ ارپتا مکھرجی کے گھر پر ایک بلیک ڈائری بھی ملی تھی جس کے تعلق سے کئی سوال جانچ افسران نے پوچھے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ ڈائری بنگال حکومت کے ڈیپارٹمنٹ آف ہایر اینڈ اسکول ایجوکیشن کی ہے۔ اس ڈائری میں 40 صفحات ایسے ہیں جن میں کافی کچھ لکھا ہوا ہے۔ یہ ڈائری ایس ایس سی گھوٹالہ کی کئی سطحیں کھول سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔