معروف عالم دین مرحوم وحیدالدین خان کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا

مولانا وحید الدین خان کا شمار اس عہد کے ان ممتاز علما میں ہوتا ہے جنھوں نے دین کی تعبیر و تشریح کے ضمن میں اہم علمی کام کیا ہے، تصنیف و تالیف کے میدان میں ان کے نمایاں کارنامے ہیں۔

مولانا وحید الدین، تصویر آئی اے این ایس
مولانا وحید الدین، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: معروف اسلامی اسکالرمرحوم وحیدالدین خان کو آج صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے ملک کے دوسرے اعلی شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا۔ مرحوم وحیدالدین خان کو پدم وبھوشن اعزاز کے لیے جنوری 2021 میں منتخب کیا گیا تھا اور اس وقت وہ باحیات تھے لیکن اس ایوارڈ کی تقریب سے قبل ہی 21 اپریل 2021 کو 96سال کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

مولانا وحید الدین خان کا شمار ہمارے عہد کے ان ممتاز علما میں ہوتا ہے جنھوں نے دین کی تعبیر و تشریح کے ضمن میں اہم علمی کام کیا ہےـ تصنیف و تالیف کے میدان میں ان کے نمایاں کارنامے ہیں۔ مولانا وحیدالدین خان ہندوستان کی مردم خیز سرزمین اعظم گڑھ میں یکم جنوری 1925 کو پیدا ہوئے اور وہاں کی عظیم درسگاہ مدرستہ الاصلاح سے تعلیم حاصل کی۔ آپ کی تحریریں بلاتفریق مذہب ونسل مطالعہ کی جاتی ہیں۔ وہ عام طورپر دانشورطبقہ میں امن پسند مانے جاتے ہیں۔ ان کا مقصد مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا،اسلام کے متعلق غیرمسلموں میں جوغلط فہمیاں ہیں انھیں دورکرنا تھا۔


راشٹرپتی بھون کے عظیم الشان دربار ہال میں منگل کے روز منعقدہ تقریب میں مولانا وحیدالدین خان کے علاوہ جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے سابق ڈائریکٹر جنرل بی بی لال، ماہر امراض قلب کے ڈاکٹر بیلے موناپ ہیگڑے، ایس پی بالاسبرامنیم، نریندرسنگھ کپانی اور مجسمہ ساز سدرشن ساہو کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی معززین موجود تھے۔ مولانا وحیدالدین خان کو پدم وبھوشن، پدم بھوشن سمیت بہت سے قومی اور بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔