جموں و کشمیر میں کورونا لہر کے پیش نظر ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ

اسٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈس‘ پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: کورونا کے یومیہ کیسز میں درج ہو رہے ہوشربا اضافے کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈ‘ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ چیف سکریٹری، جو محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف، بحالی و تعمیر نو جموں وکشمیر کی اسٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے گزشتہ شام کورونا کی موجودہ صوتحال کی تفصیلی جائزہ میٹنگ کے بعد لیا۔

اسٹیٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں ’ویک اینڈس‘ پر تمام غیر ضروری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ علاوہ ازیں یونین ٹریٹری کے تمام اضلاع میں شبانہ کرفیو رات کے نو بجے سے صبح کے چھ بجے تک مسلسل جاری رہے گا۔


ایس ای سی نے حکمنامے میں کہا ہے کہ کمیونٹی لیڈروں، مارکیٹ انجمنوں و دیگر متعلقین کو ساتھ لے کر اس وبا کی لہر کو کم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔ یونین ٹریٹری کے جملہ ضلع مجسٹریٹوں کو ٹیسٹنگ کو تیز تر کرنے اور دستیاب وسائل کو بھر پور طریقے سے استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

چیف میڈیکل افسروں سے کہا گیا ہے کہ وہ رووزانہ بنیادوں پر دستیاب آر ٹی- پی سی آر سہولیات کے استعمال کی رپورٹ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ کے دفاتر میں پیش کریں۔ قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی کورونا کے یومیہ کیسز میں ہوشربا اضافہ ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشوش کی لہر پھیل گئی ہے۔ یونین ٹریٹری انتظامیہ اس لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدام کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔