اترپردیش میں موسم نے لی کروٹ، کئی اضلاع میں گرج چمک، بارش اور ژالہ باری کا ایلرٹ
محکمہ موسمیات کی جانب سے مشرقی ڈویژن میں ہلکی بارش، تیز ہواؤں، آسمانی بجلی گرنے اور بعض مقامات پر بارش کے لیے یلو ایلرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں 27-28 جنوری کو موسم میں تبدیلی محسوس ہوگی۔

اترپردیش میں ایک بار پھرموسم کروٹ لیتا نظرآرہا ہے۔ ریاست میں نئے مغربی خلل کے فعال ہونے کی وجہ سے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ آسمانی بجلی، ژالہ باری اوربارش کے لیے ایلرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے اگلے دو دنوں میں بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ مغربی اتر پردیش میں بارش اور ژالہ باری کے لیے بھی ایلرٹ جاری کیا گیا ہے۔ موسم کی اس تبدیلی سے آج درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مغربی اتر پردیش کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران ڈویژن کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔
مغربی اتر پردیش میں سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، بجنور، آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، اٹاوہ، اوریہ، جالون، جھانسی، حمیر پور، مہوبہ اور للت پور میں آج گرج چمک اور ژالہ باری کی وارننگ دی گئی ہے۔ اسی طرح مشرقی ڈویژن میں ہلکی بارش، تیز ہواؤں، آسمانی بجلی گرنے اور بعض مقامات پر بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں 27-28 جنوری کو موسم میں تبدیلی محسوس ہوگی۔
راجدھانی لکھنؤ میں بھی مغربی خلل کا اثر نظر آئے گا۔ دوپہر کے وقت آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اترپردیش میں بجنور، مرادآباد، رام پور، امروہہ، بریلی، سنبھل، بدایوں، پیلی بھیت، شاہجہاں پور اور لکھیم پور کھیری سمیت تقریباً سبھی علاقوں میں آج موسلا دھار بارش اور آسمانی بجلی گرنے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ متھرا، ہاتھرس، ایٹا، کاس گنج، فرخ آباد، قنوج، سیتا پور اور بہرائچ میں کئی مقامات پر بارش ہوگی۔ نوئیڈا، غازی آباد، میرٹھ، باغپت، ہاپوڑ، بلند شہر، علی گڑھ، شراوستی، بلرام پور، گونڈا، بارہ بنکی، لکھنؤ، اناؤ، کانپور اور جالون میں کچھ مقامات پراور رائے بریلی، فتح پور، باندہ، امیٹھی، ایودھیا، بستی اور سدارتھ نگر میں ایک یا دو مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو بھی ریاست میں بادل چھائے رہیں گے۔ بارش کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی۔ 28 جنوری سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3-4 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 3-5 ڈگری گر جائے گا۔ اس کے بعد درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔ 29 جنوری کو بعض مقامات پر کہرا چھایا رہے گا۔