موسم کی مار! آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 40 پروازیں منسوخ، 200 سے زائد تاخیر کا شکار

انڈیگو ایئر لائن نے مسافروں کو اضافی وقت کے ساتھ ایئرپورٹ پہنچنے کا مشورہ دیا۔ انڈیگو نے یہ بھی کہا کہ اس کی ٹیمیں موسمی حالات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور مسافروں کی مدد کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں شدید دھند / قومی آواز / وپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

قومی راجدھانی میں موسم سرما کی دستک کے ساتھ ہی اس موسم کا پہلا اثر پیر کی صبح سڑک سے لے کر آسمان تک دیکھنے کو ملا۔ گھنے کہرے نے راجدھانی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے سبب حد بصارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کا براہ راست اثر ہوائی اور زمینی ٹریفک پر پڑا ہے۔ خراب موسم کے پیش نظر دہلی ایئرپورٹ اور کئی ایئر لائنز نے مسافروں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے اور پروازوں میں تاخیر کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ دہلی ہوائی اڈے پر زیادہ تر رن ویز پر حد بصارت تقریباً 100 ڈگری ہے۔

پیر کی صبح دہلی- این سی آر میں گھنے کہرے کی وجہ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے آس پاس کی حد بصارت کافی کم ہوگئی ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے صبح 6 بج کر 12 منٹ پر مسافروں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ موسم کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی فلائٹ کی صورتحال پہلے ایئر لائن سے کنفرم کرلیں۔


دریں اثنا انڈیگو ایئر لائنز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہلی میں حد بصارت کم ہونے کی وجہ سے کچھ پروازوں کی روانگی میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ ایئر لائن نے مسافروں کو اضافی وقت کے ساتھ ایئرپورٹ پہنچنے کا مشورہ دیا۔ انڈیگو نے یہ بھی کہا کہ اس کی ٹیمیں موسمی حالات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور مسافروں کی مدد کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گھنے کہرے کی وجہ سے صبح سے ہی پروازوں میں خاصی رکاوٹ جاری ہے۔ اب تک تقریباً 40 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جب کہ 7 پروازوں کو جے پور اوراحمد آباد کے لیے ڈائیورٹ کیا گیا ہے جن میں گھریلو اور بین الاقوامی دونوں شامل ہیں۔ وہیں صبح 11 بجے تک 200 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کئی پروازیں 5-6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں، جن میں دہلی سے مانچسٹر جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E-33  بھی شامل ہے۔