دہلی میں زہریلی ہوا اور گھنے کہرے کی ڈبل مار، صحت، کاروبار اور معمولاتِ زندگی شدید متاثر
دہلی-این سی آر میں خطرناک آلودگی اور گھنے کہرے نے حالات بگاڑ دیے ہیں۔ متعدد علاقوں میں اے کیو آئی 800 سے زیادہ ہو گیا ہے اور صحت، کاروبار اور ٹریفک سخت متاثر ہو رہے ہیں

دہلی اس برس شدید فضائی آلودگی اور گھنے کہرے کے دوہرے بحران سے گزر رہی ہے۔ شہر کی ہوا بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور بیشتر علاقوں میں فضائی معیار انتہائی سنگین درجہ بندی میں ہے۔ ایسے مقامات بہت کم ہیں جہاں اے کیو آئی (ایئر کوالٹی انڈیکس) کی سطح 300 سے نیچے ریکارڈ ہوئی ہو۔ صبح کے اوقات میں شہر بھر میں کہرے اور آلودگی کی موٹی تہہ چھائی رہتی ہے جس کے باعث حدِ نگاہ کم اور سانس لینے میں دشواری بڑھ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں ہوا کے پھیلاؤ کا اشاریہ خطرناک حد تک گر کر 800 مربع میٹر فی سیکنڈ رہ گیا ہے، جبکہ 6000 سے کم سطح بھی تشویش ناک سمجھی جاتی ہے۔ ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ سے بھی کم رہنے کے باعث آلودگی فضا میں ہی ٹھہری ہوئی ہے۔ ہفتے تک صبح کے وقت ہلکا کہرا اور جزوی بادل چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ فضائی معیار ’بہت خراب‘ زمرے میں رہنے کا خدشہ ہے۔
جمعہ کی صبح جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق کئی علاقوں میں اے کیو آئی 700 سے 800 کے درمیان دیکھا گیا۔ سب سے خراب صورتحال دیپ وہار میں رہی جہاں یہ سطح 850 ریکارڈ کی گئی۔ بھلسوا لینڈفل کے قریب 550، روہنی میں 631، اشوک وہار میں 754 اور جہانگیر پوری میں 690 کی سطح ریکارڈ ہوئی۔ نئی دہلی کے مرکزی حصے میں بھی فضائی معیار ’انتہائی سنگین‘ زمرے میں رہا۔
ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ آلودگی سب سے زیادہ نقصان بچوں، بزرگوں اور حاملہ خواتین کو پہنچا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق فضا میں موجود باریک ذرات بڑھنے سے قبل از وقت پیدائش کا خطرہ 70 فیصد اور کم وزن کے بچوں کی پیدائش کا امکان 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ بچوں میں دمہ، الرجی اور سانس کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
فضائی آلودگی نے دہلی کی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ ساؤتھ ایکس، صدر بازار، کملانگر اور پیتم پورہ جیسے تجارتی مراکز میں گاہکوں کی آمد کم ہونے کے باعث خرید و فروخت میں 20 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔ تعمیراتی شعبہ، سیاحت اور گاڑیوں کی فروخت بھی سست روی کا شکار ہے جبکہ طبی اخراجات بڑھنے سے خاندانوں پر مالی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری سطح پر جی آر اے پی (گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان) نافذ ہے مگر سپریم کورٹ نے اس کے ناقص نفاذ پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت کے مطابق آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کا داخلہ روکنے میں سنگین غفلت برتی گئی۔ دوسری جانب سی اے کیو ایم (کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ) نے معمولی بہتری پر پابندیوں میں نرمی کی جس پر عوام نے سوالات اٹھائے ہیں۔
فضا میں زہریلے ذرات کے کہرے کے ساتھ نیچے ٹھہر جانے سے دہلی این سی آر میں سموگ مزید گہرا ہو گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک حادثات، سانس کی تکالیف اور معمولتِ زندگی میں رکاوٹیں بڑھ گئی ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال، غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور گھر کے اندر صاف ہوا برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔