جموں و کشمیر: ہم مل بیٹھ کر مستقبل کے لئے لائحہ عمل مرتب کریں گے... غلام احمد میر

محبوبہ مفتی کی نظربندی ختم ہونے پر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا کہ ہم ان کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ان کی رہائی صحت مند جمہوریت کے لئے ضروری ہے۔

غلام احمد میر، تصویر ٹوئٹر
غلام احمد میر، تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ہم فکر مین اسٹریم جماعتیں مل بیٹھ کر سال گزشتہ کے پانچ اگست کے فیصلوں پر بحث و مباحثے کے بعد مستقبل کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس روز اول سے ہی مین اسٹریم لیڈروں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں عام لوگوں کو جیلوں میں بند رکھنے کے خلاف رہی ہے۔

موصوف نے بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'پانچ اگست سے پہلے اور بعد میں بھی جو اقدامات اٹھائے گئے اور تمام مین اسٹریم لیڈروں کو نظر بند کیا گیا اور بڑے پیمانے پر عام لوگوں کو بھی ملک کٰی مختلف جیلوں میں ڈالا گیا، کانگریس نے پہلے دن سے ہی کہا کہ یہ غیر قانونی ہے'۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی طویل نظر بندی بی جے پی کی کمزوری ہے۔ موصوف نے کہا کہ ہم ان کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ان کی رہائی صحت مند جمہوریت کے لئے ضروری ہے۔


ضمنی پنچایتی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ پنچایتی انتخابات میں اس وقت کے گورنر ستیہ پال ملک نے یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ صد فیصد انتخابات ہوئے ہیں جس پر ملک میں بھروسہ کیا گیا جبکہ آج کہا جارہا ہے کہ تیرہ ہزار پنچوں اور سرپنچوں کے عہدے خالی ہیں'۔

موصوف نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے جو کہ ابھی مصدق نہیں ہے کہ میونسپل ایکٹ 2000 میں ترمیم کی گئی ہے اور اب وہ لوگ بھی میونسپل انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں جنہیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'اب محبوبہ مفتی رہا ہوئی ہیں ہم فکر سیاسی جماعتیں بیٹھیں گی اور سال گزشتہ کے پانچ اگست کے فیصلوں پر تفصیلی گفتگو ہوگی اور مستقبل کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے گا'۔ غلام احمد میر نے کہا کہ ضمنی پنچایتی انتخابات میں تمام پارٹیوں کو حصہ لینا چاہیے تاکہ فرقہ پرست طاقتوں کو جموں وکشمیر سے باہر رکھا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔