’بی جے پی کے تقسیم کرنے والے منصوبوں کے خلاف مضبوطی سے لڑیں گے‘

پرینکا نے ٹوئٹ کیا ’بی جے پی جس وقت مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ مکمل ہونے کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے اسی دوران شہریت ترمیمی بل جیسا بھید بھاؤ اور آئین کی روح کو زخمی کرنے والا بل لارہی ہے‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شہریت ترمیمی بل کو سماج کو تقسیم کرنے والا قرار دیتے ہوئے جمعرات کو کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اس تقسیم کرنے والے منصوبوں کے خلاف کانگریس پوری طرح مضبوطی سے لڑے گی۔

رینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’بی جے پی جس وقت مہاتما گاندھی کی سالگرہ کے 150ویں سال مکمل ہونے کا ڈھنڈوڑا پیٹ رہی ہے اسی دوران شہریت ترمیمی بل جیسا بھید بھاؤ اور آئین کی روح کو زخمی کرنے والا بل لا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی تقسیم کرنے والے منصوبوں کے خلاف کانگریس پوری مضبوطی سے لڑے گی۔


اس کے ساتھ ہی انہوں نے راجیہ سبھا سے بل پاس ہونے کے بعد کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے بدھ دیررات جاری اس بیان کو بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ہے جس میں سونیا گاندھی نے کہا تھا کہ یہ بل تکثیریت پر تنگ سوچ کی فتح ہے۔

سونیا گاندھی نے اپنے پریس بیان میں کہا تھا، ’’یہ بل ہندوستان کے اس نظریہ کے لئے ایک بنیادی چیلنج ہے جس کے لئے ہماری قوم کے معماروں نے جنگ لڑی تھی۔ اب اس کی جگہ ایک ہنگامہ خیز، منحرف اور منقسم ہندوستان تشکیل پائے گا جہاں مذہب قومیت کی شناخت ہوگا۔‘‘

سونیا گاندھی نے کہا، ہم ایک ایسی قوم ہیں جس نے تاریخی طور پر تمام اقوام اور تمام عقائد کے مظلوموں کو پناہ اور تحفظ دیا ہے۔ ہم ایک قابل فخر قوم ہیں جو چند لوگوں کی تخریب کاریوں سے کبھی بکھر نہیں سکتی، کیوں کہ ہم ہمیشہ اس خیال پر قائم ہیں کہ آزاد ہندوستان تب ہی آزاد رہ سکتا ہے جب اس کے عوام آزاد ہوں گے، ان کی آواز سنی جائے گی اور ہمارے ادارے، ہماری حکومتیں اور ہماری سیاسی قوتیں اس ملک کے شہریوں کے ناگزیر حقوق کے حصول کے لئے خود کو وقف کریں گی۔


قبل ازیں راہل گاندھی بھی شہریت ترمیمی بل کے حوالہ سے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ٹوئٹ کر چکے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’سی اے بی ہندوستان کے آئین پر حملہ ہے، جو کوئی بھی اس کی حمایت کر رہا ہے وہ ہماری قوم کی بنیاد پر حملہ کرنے اور اسے ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے شمال مشرقی خطہ سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’سی اے بی کے ذریعے مودی-شاہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ شمال مشرق کی نسلی طور پر صفائی کرے۔ یہ شمال مشرق، ان کے طرز زندگی اور ہندوستان کے تصور (آئیڈیا آف انڈیا) پر ایک مجرمانہ حملہ ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ وہ شمال مشرق کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی خدمت میں حاضر ہیں۔

واضح رہے کہ راجیہ سبھا سے بدھ کے روز شہریت ترمیمی بل منظور کیا گیا ہے۔ اس بل کے حق میں 125 ووٹ ڈالے گئے جبکہ مخالفت میں 105 ووٹ پڑے۔ اب یہ بل صدر کے پاس بھیجا جائے گا۔ صدر کی منظوری کے بعد یہ بل قانون کی شکل اختیار کرے گا۔

قبل ازیں، لوک سبھا نے پیر کی شب اس بل کو منظوری دے دی تھی۔ اس بل کے ذریعے افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے ہجرت کر کے ہندوستان آنے والے ہندو، سکھ، بودھ، جین، پارسی اور عیسائی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہندوستانی شہریت پانے کے حقدار ہوں گے جبکہ مسلمانوں کو اس سے استثنی رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Dec 2019, 7:30 PM