میں غداروں کو پہچاننے میں ناکام رہی: ممتا بنرجی

ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ششیر ادھیکاری کی بہت ہی عزت کرتی تھی، ایک بزرگ سیاست داں کے طور پر میں ان سے محبت کرتی تھی، مگر ان لوگوں نے میرے ساتھ غداری کی ہے، یہ میر جعفر ہیں۔

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: ترنمول کانگریس کے 80 سالہ ممبر پارلیمنٹ ششیر ادھیکاری آج اپنے بیٹے سابق ریاستی وزیر شوبھندو ادھیکاری کے نقش قدم پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ آج وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے باپ اور بیٹے دونوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غدار اور چور ہیں، جو 2014 سے ہی میری حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں، اب یہ لوگ میری حکومت کے ذریعہ کیے کاموں کا کریڈٹ چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادھیکاری خاندان کے گڑھ مشرقی مدنی پور کے کانتی شہر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اس خاندان نے میرے خلاف سازش کی ہے، جب کہ میں ان کی عزت کرتی تھی، انہوں نے اساتذہ کی بحالی کے نام پر روپے چوری کیے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ان کے دھوکہ کی شکار ہوئی ہوں۔


ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ان کی (ششیر ادھیکاری) بہت ہی عزت کرتی تھی، ایک بزرگ سیاست داں کے طور پر میں ان سے محبت کرتی تھی، میں نے ان کے گھر کی دیوار پر ایک پینٹ بھی بنائی ہے مگر ان لوگوں نے میرے ساتھ غداری کی ہے۔ یہ میر جعفر ہیں۔ خیال رہے کہ میر جعفر بنگال کے آخری نواب سراج الدولہ کے کمانڈر تھے، جن کی غداری کی وجہ سے نواب سراج الدولہ کو شکست ہوئی اور انہیں ملک چھوڑ کر جانا پڑا۔

ممتابنرجی نے کہا کہ یہ غدار کہہ رہے ہیں کہ وہ 2014 سے ہی بی جے پی کے رابطے میں تھے اس کا مطلب ہے کہ وہ میری حکومت کے خلاف سازش کر رہے تھے۔ میرے ساتھ رہ کر میری پارٹی اور حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کی مگر غدار ناکام ہوگئے۔


خیال رہے کہ آج مشرقی مدنی پور میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں ششیر ادھیکاری ترنمول کانگریس کو الوداع کہتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ گزشتہ سال دسمبر میں شوبھندو ادھیکاری کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی جلد ہی بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔

ممتا بنرجی نے آج ادھیکاری خاندان کے تئیں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ ترنمول کانگریس کے لوگ چور ہیں۔ تو ان چوروں نے کیا چوری کی ہے۔ کتنے روپے لئے ہیں کہ آج ان چوروں کو اپنے روپے بچانے کے لئے بی جے پی کے دامن میں پناہ لینی پڑی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں بی جے پی کی قدم بوسی کرنے والوں کو ہم اہمیت نہیں دیتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت نے اسپتال بنائے ہیں، طلبا کو اسمارٹ کارڈ اور فون دئیے ہیں مگر یہ چور بولتے ہیں کہ ان کی بدولت یہ کام ہوئے ہیں۔


ممتا بنرجی نے اپنا حوصلہ دکھاتے ہوئے کہا کہ گرچہ وہ زخمی ہوئی ہیں مگر آج بھی ان کا ایک پاؤں سلامت ہے اور وہ گیند کو لات ماریں گی تو گیند میدان سے باہر چلی جائے گی۔ ممتابنرجی نے عوام سے اپیل کی کہ مجھے معاف کردیں میں ان غداروں کو پہچان نہیں سکی۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ غدار ہمارے ساتھ رہیں گے اور ہمیں ہی دھوکہ دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Mar 2021, 9:46 PM