’ہمیں نتیش کی ضرورت نہیں، یہاں ہمارا اتحاد مل کر کام کر لے گا‘، بہار میں راہل گاندھی کے کچھ اہم انکشافات

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سماجی انصاف دینے کی ذمہ داری بہار میں ہمارے اتحاد کی ہے، نتیش جی کی یہاں کوئی ضرورت نہیں، یہاں پر ہم اپنا کام کر لیں گے، مل کر ہمارا اتحاد یہاں جو کچھ بھی کرنا ہے وہ کرے گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پورنیہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر@INCIndia</p></div>

پورنیہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی، تصویر@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ پورے جوش و خروش کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ ابھی یہ یاترا بہار میں ہے اور راہل گاندھی نے اس دوران عوام سے خطاب کرتے ہوئے کچھ اہم انکشافات کیے ہیں۔ انھوں نے نتیش کمار کے ’یو ٹرن‘ لینے کے پیچھے پوشیدہ وجہ بتائی ہے اور یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بہت دباؤ بنانے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ذات پر مبنی مردم شماری کرائی۔ راہل گاندھی نے انڈیا اتحاد سے نتیش کمار کے الگ ہونے پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے عزم ظاہر کیا کہ انڈیا اتحاد بہار میں مل کر اپنا کام کر لے گا، یہاں نتیش کی ضرورت نہیں۔

منگل کی دوپہر بہار کے پورنیہ میں ہزاروں عوام کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے نتیش کمار کے ’یو ٹرن‘ لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ دباؤ برداشت نہیں کر پاتے۔ تھوڑا سا دباؤ پڑتا ہے اور فوراً وہ یو ٹرن لے لیتے ہیں۔ نتیش پر یہ دباؤ اس لیے پڑا کیونکہ ہم آپ کے حقوق کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس ملک میں الگ الگ طبقات کے لوگ ہیں، پسماندہ ذات کے لوگ ہیں، دلت ہیں، دوسری ذات کے لوگ ہیں۔ او بی سی سماج ملک کا سب سے بڑا سماج ہے، لیکن میں آج آپ سے پوچھوں کہ اس ملک میں او بی سی کی آبادی کتنی ہے تو آپ جواب نہیں دے پائیں گے۔ راہل گاندھی نے ذات پر مبنی مردم شماری کو وقت کی بہت اہم ضرورت قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی کے دباؤ کا نتیجہ تھا کہ نتیش کمار نے بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائی۔


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’نتیش جی کہاں پھنسے؟ ہم نے نتیش جی سے کہا تھا کہ آپ کو بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کروانی ہوگی، ہم آپ کو چھوٹ نہیں دے سکتے۔ لیکن بی جے پی نہیں چاہتی تھی کہ بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری ہو، کیونکہ وہ ملک کو سچ بتانے سے ڈرتے ہیں۔ بی جے پی نہیں چاہتی کہ عوام کی توجہ سماجی انصاف کی طرف جائے۔ اس لیے بی جے پی نے نتیش جی کو بیچ سے نکلنے کا راستہ دے دیا اور نتیش جی اس راستے پر نکل گئے۔ نتیش جی یہاں پھنس گئے۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’سماجی انصاف دینے کی ذمہ داری بہار میں ہمارے اتحاد کی ہے۔ نتیش جی کی یہاں کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہاں پر ہم اپنا کام کر لیں گے۔ مل کر ہمارا اتحاد یہاں جو کچھ بھی کرنا ہے وہ کرے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔