نیرو مودی کو ہندوستان لانے کا راستہ صاف، برطانیہ میں حوالگی کے خلاف دائر آخری عرضی خارج

نیرو مودی اس وقت لندن کی وینڈز ورتھ جیل میں قید ہے۔ اس اپیل کے خارج ہونے کے بعد اب ملزم کے پاس برطانیہ میں حوالگی کے خلاف کوئی قانونی راستہ نہیں بچا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ہندوستان کے مفرور ہیروں کے تاجر نیرو مودی کی برطانیہ میں حوالگی کے خلاف آخری اپیل جمعرات کو مسترد کر دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی نیرو مودی کو ہندوستان لانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ خیال رہے کہ نیرو مودی 2018 میں پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) میں بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی تفصیلات عام ہونے سے پہلے ہندوستان سے فرار ہو گیا تھا۔

ملزم کا موقف ہے کہ حوالگی کی صورت میں وہ خودکشی کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔ تاہم دھوکہ دہی اور منی لانڈرنگ کے ملزم نیرو مودی کی اپیل برطانیہ کی سپریم کورٹ میں مسترد کر دی گئی۔ نیرو مودی اس وقت لندن کی وینڈز ورتھ جیل میں قید ہے۔ اس اپیل کے خارج ہونے کے بعد اب ملزم کے پاس برطانیہ میں حوالگی کے خلاف کوئی قانونی راستہ نہیں بچا ہے۔


نیرو مودی نے گزشتہ ماہ اپنی ہندوستان حوالگی کے خلاف برطانیہ کی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ یہ اپیل دماغی صحت کی بنیاد پر حوالگی کے خلاف 51 سالہ ہیروں کے تاجر کی عرضی مسترد ہونے کے بعد سامنے آئی۔

نیرو مودی 13,000 کروڑ روپے کے پی این بی گھوٹالہ کا اہم ملزم ہے اور ہندوستانی حکام فراڈ، منی لانڈرنگ، شواہد کو ختم کرنے اور گواہوں کو دھمکانے کے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے نیرو مودی کو برطانیہ سے حوالے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سی بی آئی بڑے پیمانے پر انڈرٹیکنگز (ایل او یو) یا قرض کے معاہدوں کے ذریعے دھوکہ دہی کے لئے پی این بی کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اس دھوکہ دہی سے حاصل ہونے والی رقم کی لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */