وسیم رضوی ہوئے کورونا پازیٹو، لیکن ختم نہیں ہوئی زہر انگیزی

کورونا انفیکشن کی زد میں آنے کے بعد وسیم رضوی نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ "کٹر پنتھی ملّاؤں میرے کورونا پازیٹو ہونے پر خوش بالکل نہ ہوں، کورونا کو شکست دے کر جلد واپس لوٹوں گا۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی میں کورونا انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ان کے سونگھنے کی صلاحیت ختم ہو گئی ہے اور سر کے ساتھ ساتھ بدن میں بھی درد کی شکایت ہے۔ کورونا رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد وسیم رضوی نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے اور ساتھ ہی اپنے رابطہ میں آنے والے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرا لیں۔

اس درمیان اپنی زہر انگیزی اور متنازعہ بیان کے لیے مشہور وسیم رضوی نے اپنے مخالفین کو لے کر ایک بار پھر سخت الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ کورونا انفیکشن کی زد میں آنے کے بعد انھوں نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ "کٹر پنتھی ملّاؤں میرے کورونا پازیٹو ہونے پر خوش بالکل نہ ہوں، کورونا کو شکست دے کر جلد واپس لوٹوں گا۔" دراصل وسیم رضوی کئی بار مسلمانوں کے خلاف بیان دینے کے لیے لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن چکے ہیں، اور اسی لیے انھوں نے اپنے بیان کے ذریعہ ناقدین کو یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ کورونا سے گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ صحت یاب ہو کر بہت جلد سیاست میں واپس آئیں گے۔


بہر حال، اپنی ناساز طبیعت کے تعلق سے وسیم رضوی نے میڈیا کو بتایا کہ وہ 15 ستمبر کو رام پور کورٹ میں اپنے خلاف چل رہے ایک مقدمے کی جانچ میں تعاون کرنے گئے تھے۔ وہاں سے واپسی کے بعد گھر پہنچے تو فرصت کے وقت میں کھانا بنانا شروع کیا۔ اس دوران انھوں نے محسوس کیا کہ کھانے کے مسالے وغیرہ کی خوشبو انھیں نہیں مل رہی ہے۔ پھر جب یہ احساس ہوا کہ ان کے سونگھنے کی صلاحیت پوری طرح ختم ہو گئی ہے تو کورونا ٹیسٹ کرایا جس کی رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی ہے۔

وسیم رضوی نے کہا کہ فی الحال انھیں صرف سر اور پیٹ درد کی شکایت ہے اور سونگھنے کی صلاحیت ختم ہو گئی، مزید کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر میں ہی آئسولیٹ رہیں اور اگر ضرورت پڑی تو اسپتال میں داخل کرنے کے بارے میں بھی سوچا جائے گا۔ وسیم رضوی ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کے مشورے سے ضروری دوائیں لے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Sep 2020, 3:20 PM