بجنور کی ضلع مجسٹریٹ کے خلاف وارنٹ جاری، ہائی کورٹ میں حاضر ہونے کا حکم
الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے بجنور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کو وارنٹ تعمیل کرنے اور آئندہ سماعت (5 جنوری) میں عدالت میں جسجیت کور کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے

الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے چیف اسٹینڈنگ کونسل کے دفتر سے رابطہ کرنے اور جواب داخل نہ کرنے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بجنور کی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جسجیت کور کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ عدالت کی اس کارروائی سے پورے محکمہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
عدالت نے بجنور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کو وارنٹ تعمیل کرنے اور اگلی سماعت میں کور کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ اگلی سماعت 5 جنوری کو مقرر کی گئی ہے۔ جسٹس منیش کمار کی سنگل بنچ نے وکرم سنگھ کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر یہ حکم جاری کیا۔
بتا دیں کہ پورا معاملہ دھام پور کے رہنے والے وکرم سنگھ دھنگر کی طرف سے دائر درخواست سے متعلق ہے۔ وکرم سنگھ کا دھنگر ذات سرٹیفکیٹ ان کے ریٹائرمنٹ سے صرف 8 دن پہلے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ وکرم سنگھ نے اس حکم کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی۔ عدالت نے اس معاملے کو سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی بنیاد پر اور محکمہ سماجی بہبود کی تحقیقات کے بعد فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
درخواست گزار نے کہا کہ 22 اپریل 2025 کو ہائی کورٹ نے بجنور ضلع سطحی ذات جانچ کمیٹی کو حکم دیا تھا کہ وہ ذات طے کرنے کی گزارش سے متعلق ان کی درخواست پر 3 ماہ کے اندر فیصلہ لے۔ درخواست گزار نے الزام لگایا کہ حکم کی ایک کاپی کمیٹی کی چیئرپرسن اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بھی دی گئی تھی۔ اس کے باوجود 3 ماہ گزر جانے کے بعد بھی ان کی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔
درخواست گزار نے عدالتی حکم کی اس توہین کے لیے ضلع مجسٹریٹ کو سزا دینے کی استدعا کی۔ جمعرات کے روز سماعت کے دوران ریاستی حکومت کی اسٹینڈنگ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ نے اپنا جواب داخل کرنے کے لیے چیف اسٹینڈنگ کونسل کے دفتر سے رابطہ نہیں کیا، جس کی وجہ سے آفس جواب داخل کرنے سے قاصر ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے اس رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے ان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔