اتر پردیش کے اسکولوں اور کالجوں میں تجارتی میلوں اور تقریبات پر پابندی عائد، الہ آباد ہائی کورٹ کا حکم
عدالت نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کو صرف تعلیمی سرگرمیوں اور متعلقہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے۔ اتر پردیش حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ایک واضح اور غیر مبہم سرکلر جاری کرے۔

الہ آباد ہائی کورٹ نے اتر پردیش کے اسکولوں میں منعقد ہونے والے کسی بھی تجارتی میلے یا تقریبات پر پابندی لگا دی ہے۔ عدالت نے واضح طور پر کہا کہ اب اسکولوں میں کوئی تجارتی سرگرمی نہیں کی جائے گی۔ کسی بھی حالت میں تعلیمی اداروں کےساتھ کھیل کے میدانوں کی اہمیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔
الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ارون بھنسالی اور جسٹس کشتیج شیلیندر کی ڈبل بنچ نے ہمیر پور کے عرضی گزار گرجا شنکر کی درخواست کا تصفیہ کرتے ہوئے اس طرح کا اہم حکم جاری کیا۔ یہ مفاد عامہ کی عرضی ہمیر پور کے ایک کالج میں تجارتی میلے کے انعقاد کے حوالے سے دائر کی گئی تھی۔
عدالت نے اسکول اور کالج میں ہونے والی تجارتی سرگرمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف اور صرف تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ ایسے اداروں کی اراضی اور عمارتیں بشمول کھیل کے میدانوں کو کسی بھی نام سے یا کسی تجارتی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
مفاد عامہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے حکم دیا کہ تعلیمی اداروں کے انفراسٹرکچر کو صرف تعلیمی سرگرمیوں اور متعلقہ سرگرمیوں کے لیے ہی استعمال کیا جائے۔ عدالت نے اتر پردیش حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اس سلسلے میں ایک واضح اور غیر مبہم سرکلر جاری کرے۔ اس سرکلر میں ضلع انتظامیہ، پولیس انتظامیہ اور تمام سطحوں کے تعلیمی اداروں کو کورٹ کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق اس حکم کی کاپی ملنے کی تاریخ سے ایک ماہ کے اندر کارروائی کرنے کا حکم کی کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس اہم موضوع پر الہ آباد ہائی کورٹ نے سختی سے کہا کہ ایسا کوئی قانون نہیں جو پرائمری، سیکنڈری یا اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے والے تعلیمی اداروں کی جائیداد کے تجارتی استعمال کی اجازت دیتا ہو۔ تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں، مباحثہ کے مقابلوں وغیرہ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے نہ کہ کسی اور مقاصد کے لیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔