ووٹر ادھیکار یاترا: ’یہاں بجلی کاٹ دی گئی، یہ سوچتے ہیں بجلی کاٹنے سے آواز بند ہو جائے گی‘، راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے چھٹے دن بوقت شام ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مہاراشٹر، ہریانہ، کرناٹک میں ووٹ چوری کی گئی، اب یہ بہار میں بھی ووٹ چوری کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ووٹر ادھیکار یاترا میں راہل گاندھی اور انڈیا بلاک کے دیگر سرکردہ لیڈران، تصویر @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر آپ کا ووٹ چوری کر رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ آپ کی طاقت، آپ کی آواز آئین میں ہے، آپ کے ووٹ میں ہے۔ یہاں پر انھوں نے بجلی کاٹ دی، یہ سوچتے ہیں کہ بجلی کاٹنے سے آواز بند ہو جائے گی، لیکن تاریکی میں آواز بند نہیں ہوتی، آواز سنائی دیتی ہے۔‘‘ یہ بیان راہل گاندھی نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے چھٹے دن بوقت شام ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ جب وہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، تو اس وقت وہاں بجلی نہیں تھی، اس لیے انھوں نے برسراقتدار طبقہ کو ہدف تنقید بنایا۔ ساتھ ہی کہا کہ ’’مہاراشٹر، ہریانہ، کرناٹک میں ووٹ چوری کی گئی، اب یہ بہار میں ووٹ چوری کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن ووٹ چور یاد رکھیں، ہم ایک بھی ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی کے بہار دورہ اور گیا میں کی گئی ان کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آج ’ووٹ چور‘ نریندر مودی بہار کے گیا پہنچے اور ایس آئی آر کی بات کرنے لگے۔ لیکن کرناٹک کی مہادیوپورا اسمبلی میں جو ایک لاکھ فرضی ووٹ نکلے، اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ ہریانہ، مہاراشٹر کے انتخابات کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’حقیقت یہی ہے، آج بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر آپ کا ووٹ چوری کر رہے ہیں۔‘‘


ایک شخص سے ہوئی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آج ایک شخص نے مجھ سے کہا– میں نے لوک سبھا انتخاب میں ووٹ کیا ہے، لیکن اب الیکشن کمیشن میرا ووٹ کاٹ رہا ہے۔ میں نے اُس شخص سے سوال کیا کہ آپ کس پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں؟ جواب ملا– ’کانگریس‘۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا ووٹ کاٹا جا رہا ہے۔‘‘

لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے آئین میں موجود ووٹ کے حق پر بات کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’آئین میں لکھا ہے ملک کے سبھی لوگ یکساں ہیں۔ کوئی کسی بھی ذات یا مذہب کا ہو، آئین نے ایک شخص کو ایک ووٹ دیا ہے۔ لیکن نریندر مودی اور الیکشن کمیشن مل کر آپ سے آپ کا ووٹ چھین رہے ہیں، آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’نریندر مودی نے نوجوانوں کے لیے سارے راستے بند کر دیے ہیں۔ پہلے ہمارے لاکھوں نوجوان فوج میں جاتے تھے، وہ ملک کی حفاظت کرتے تھے، انھیں پنشن ملتی تھی، ان کی حفاظت ہوتی تھی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’آج ایک اگنی ویر کا ہاتھ چلا گیا ہے، لیکن اس کی کوئی مدد نہیں کی جا رہی ہے۔ اسے ملازمت سے ہٹا دیا گیا ہے، گھر بھیج دیا گیا ہے۔‘‘


اپنی تقریر میں راہل گاندھی نے بڑھتی بے روزگاری اور پیپر لیک پر بھی بات کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’نوجوان ملازمت پانے کے لیے کئی مہینے پڑھائی کرتے ہیں، پھر امتحان دیتے ہیں۔ لیکن امتحان کے دن پیپر لیک ہو جاتا ہے۔ حالات ایسے ہیں کہ نوجوانوں کو اس ریاست میں روزگار نہیں مل سکتا۔ انھوں نے کچھ دیگر اہم مسائل کا ذکر بھی کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’مودی حکومت نوٹ بندی، جی ایس ٹی، اگنی ویر، سیاہ زرعی قوانین لے کر آئی۔ یہ حکومت غریبوں کے خلاف کام کرتی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔