یوگی حکومت میں بغاوت کی ہلچل، تین وزراء کو ’تبادلہ‘ پر اعتراض، کھٹیک کا استعفیٰ

یوگی کابینہ میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے، خبریں ہیں کہ تین وزراء اپنی ہی حکومت کی کارگزاری سے ناراض ہیں، دنیش کھٹیک نے تو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو اپنا استعفیٰ نامہ بھی بھیج دیا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کیا یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں بغاوت کی ہلچل شروع ہو گئی ہے؟ لگتا تو کچھ ایسا ہی ہے کیونکہ یوگی حکومت میں 3 وزیر اپنے اپنے محکموں میں تبادلوں کو لے کر مخالفت کا سامنا کر رہے ہیں۔ تبادلوں میں بے ضابطگیوں کو لے کر پی ڈبلیو ڈی محکمہ کے چیف جتن پرشاد، جل شکتی محکمہ کے ریاستی وزیر دنیش کھٹیک اور محکمہ صحت کے چیف نائب وزیر اعلیٰ برجیش پھاٹک تنازعات کے شکار ہیں۔

دنیش کھٹیک:

یوگی حکومت میں جل شکتی محکمہ کے ریاستی وزیر دنیش کھٹیک نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ حالانکہ اس طرح کی خبروں کو پہلے حکومت نے مسترد کر دیا تھا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جل شکتی محکمہ میں تبادلوں اور ہستناپور میں اپنے حامیوں پر ایف آئی آر لکھے جانے سے ریاستی وزیر دنیش کھٹیک ناراض ہیں۔ ذرائع کے مطابق جل شکتی محکمہ کے ریاستی وزیر دنیش کھٹیک اپنے کابینہ وزیر سوتنتر دیو سنگھ سے خوش نہیں ہیں۔ بطور ریاستی وزیر محکمہ میں انھیں کوئی کام نہیں دیا جا رہا۔ انھوں نے کچھ انجینئر کے تبادلے کی سفارش بھی کی تھی، لیکن ان کا بھی تبادلہ نہیں ہوا۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیش کھٹیک نے ناراضگی میں اپنا استعفیٰ نامہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو بھیج دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دنیش کھٹیک کا استعفیٰ نامہ وائرل بھی ہو رہا ہے۔ اس خط میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’دلت ہونے کی وجہ سے افسر میری بالکل نہیں سنتے۔ ابھی تک محکمہ میں مجھے کوئی کام تک نہیں ملا ہے۔ دلت سماج کا ریاستی وزیر ہونے کے سبب ان کے کسی بھی حکم پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ نہ ہی انھیں اطلاع دی جاتی ہے کہ محکمہ میں کون کون سے منصوبے چل رہے ہیں۔ ان پر کیا کارروائی ہو رہی ہے؟ یوپی حکومت کے افسر دلتوں کو بے عزت کر رہے ہیں۔‘‘

جتن پرساد:

جتن پرساد کو یوگی حکومت میں محکمہ تعمیرات عامہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان کے محکمہ میں تبادلہ سیشن کے دوران ہوئے تبادلوں میں کئی بڑی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے ایک کمیٹی بنا کر معاملے کی جانچ سونپ دی۔ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) جتن پرساد اور انل کمار پانڈے کا تبادلہ کر دیا۔ جب کہ پانچ دیگر کو ریاستی حکومت کے پی ڈبلیو ڈی محکمہ میں بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے الزامات کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک جانچ میں او ایس ڈی انل کمار پانڈے کو محکمہ میں متبادلوں میں بے ضابطگی کے لیے سیدھے طور پر ذمہ دار پایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سے جتن پرساد افسردہ ہو گئے۔ کل کابینہ کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنی صفائی پیش کی۔ خبر ہے کہ اپنی بات مرکز تک پہنچانے کے لیے وہ دہلی بھی جا سکتے ہیں۔ ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ وہ آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کر سکتے ہیں۔


برجیش پاٹھک:

اس سے قبل یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کو اس وقت کافی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے اپنے محکمہ صحت و میڈیکل ایجوکیشن میں تبادلوں پر خود سوال اٹھائے تھے۔ وزیر برجیش پاٹھک نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے ہی محکمہ کے اعلیٰ افسران کو خط لکھ کر جواب مانگا تھا۔ اے سی ایس ہیلتھ امت موہن پرساد اور برجیش پاٹھک کے درمیان تلخی بھی نظر آئی تھی۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی نے جانچ کا حکم دے دیا تھا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اب اپنے سبھی وزراء کو فائلوں پر دستخط کرنے سے پہلے انھیں ٹھیک سے پڑھنے کی ہدایت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔