’اندھ بھکتی کے خلاف آواز‘ کانگریس کے نیوز چینل ’آئی این سی ٹی وی‘ کی شروعات

کانگریس پارٹی نے بدھ کے روز اپنے نیوز چینل آئی این سی ٹی وی (انڈین نیشنل کانگریس ٹیلی ویزن) کو متعارف کرا دیا، اس موقع پر کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بی جے پی پر حملہ بولا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک کی اہم حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے بدھ کے روز اپنے نیوز چینل آئی این سی ٹی وی (انڈین نیشنل کانگریس ٹیلی ویزن) کو متعارف کرا دیا۔ اس میڈیا پلیٹ فارم کی شروعات ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے 130ویں یوم پیدائش کے موقع پر کی گئی اور باضابطہ طور پر 24 اپریل کو اس پر نشریات کا آغاز ہوگا۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بی جے پی پر حملہ بولا۔

چینل کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سب سے پہلے مہاتما گاندھی کے تعقل سے ایک شارٹ فلم دکھائی گئی۔ اس میں ہندوستان کی آزادی کے وقت مہاتما گاندھی کی بطور صحافی خدمات کو نمایاں کیا گیا۔ اس میں کئی اخباروں کی کٹنگ دکھائی گئیں جو ان کی ادبی خدمات کو ظاہر کرتی ہیں۔


کانگریس پارٹی نے اپنے میڈیا پلیٹ فارم کو ایسے وقت میں لانچ کیا ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعتیں میڈیا پر امتیازی سلوک کرنے کا الزام عائد کرتی رہتی ہیں۔ ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ مرکزی دھارے کی میڈیا میں یا تو انہیں جگہ ہی نہیں دی جاتی یا پھر ان کا برائے نام ذکر کیا جاتا ہے۔

کانگریس کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات کے مطابق آئی این سی ٹی وی پر پروگراموں کی باضابطہ طور پر شروعات 24 اپریل یعنی کہ یومِ پنچایتی راج کے موقع پر کی جائے گی۔ نیوز چینل کی لانچنگ کے موقع پر سرجے ولا کے علاوہ راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے سمیت متعدد کانگریس لیڈران موجود تھے۔


اس موقع پر سرجے والا نے کہا، ’’آج بابا صاحب کا یوم پیدائش ہے اور یہ دن ہندوستان کے آئین اور ائینی حقوق کا جشن ہے۔ بابا صاحب کی سالگرہ غلامی، قدامت پسندی اور توہم پرستی کے خلاف ایک جامع انقلاب کا بھی جشن ہے۔ بابا صاحب کی سالگرہ بغیر کسی دباؤ اور لالچ کے اظہار رائے کی آزادی کا بھی جشن ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’آج اندھ بھکتی (عقیدت)، تاریکی ، ضمیر کی تنزلی، ذہنی غلامی، ایک متکبر حکمراں کی جبراً تھوپے جا رہے فرد پرستی کے ماحول اور اظہار رائے کی آزادی کو زنجیروں میں جکڑ دئے جانے کے دور میں آئی این سی ٹی وی کی شروعات کی جا رہی ہے۔‘‘ سرجے والا نے بتایا کہ اس چینل پر روزانہ آٹھ گھنٹے کی نشرعات ہوگی اور آگے اس کے وقت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔