وویک اگنیہوتری نے بھوپالیوں کو بتایا ہم جنس پرست، ناراض کانگریس کا بی جے پی پر حملہ

دگوجے سنگھ نے کہا کہ ’’وویک اگنیہوتری یہ آپ کا ذاتی تجربہ ہو سکتا ہے، یہ عام بھوپال باشندوں کی سوچ نہیں ہے، میں بھی بھوپال اور بھوپالیوں کے رابطے میں ہوں، لیکن میرا کبھی ایسا تجربہ نہیں رہا۔‘‘

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان اور فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کے ہدایت کار وویک اگنیہوتری
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان اور فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کے ہدایت کار وویک اگنیہوتری
user

قومی آوازبیورو

ان دنوں فلم ’دی کشمیر فائلس‘ خوب سرخیوں میں ہے۔ فلم کے ہدایت کار وویک اگنیہوتری کے بیانات بھی لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ انھوں نے ایک تازہ بیان بھوپال کے باشندوں کے بارے مین دیا ہے جو تنازعہ کا شکار بن گیا ہے۔ بیان میں انھوں نے بھوپالیوں کو مبینہ طور پر ہم جنس پرست بتا دیا ہے۔ اس بیان پر وویک اگنیہوتری بری طرح پھنستے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور مدھیہ پردیش کے کانگریس لیڈران ان کے اس بیان پر بی جے پی حکومت سے جواب طلب کر رہے ہیں۔

دراصل وویک اگنیہوتری جمعہ کو بھوپال پہنچے اور یہاں کئی تقاریب میں حصہ لینے والے ہیں۔ اس دوران سوشل میڈیا پر ان کے بھوپال کے ایک چینل کو دیے گئے انٹرویو کا ایک حصہ خوب وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں وہ بھوپالی کا مطلب ہم جنس پرست ہونا بتا رہے ہیں۔ اسی بیان پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔


وویک اگنیہوتری کے ذریعہ چینل کو دیے گئے انٹرویو کا ایک حصہ کانگریس کے کئی لیڈروں نے ٹیگ کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’وویک اگنیہوتری یہ آپ کا ذاتی تجربہ ہو سکتا ہے، یہ عام بھوپالی باشندوں کی سوچ نہیں ہے۔ میں بھی بھوپال اور بھوپالیوں کے رابطے میں 77 سے ہوں، لیکن میرا تو یہ تجربہ کبھی نہیں رہا۔ آپ کہیں بھی رہیں، سنگت کا اثر تو ہوتا ہی ہے۔‘‘

ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ کے میڈیا کوآرڈنیٹر نریندر سلوجا نے بھی شیوراج سنگھ چوہان اور اگنیہوتری کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے ’’جو شخص مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے لوگوں کا کھلے عام مذاق اڑا رہا ہے۔ بھوپال کی پہچان ہوموسیکسوئل بتا رہا ہے۔ اس کا ریاست کے مکھیا شال اوڑھا کر گلدستہ دے کر احترام کر رہے ہیں۔ شاید یہ بھی ان کی رائے سے متفق ہوں گے۔‘‘


اسی طرح کانگریس کے سینئر لیڈر اور ترجمان کے کے مشرا نے بھی اگنیہوتری پر حملہ کیا اور وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور اگنیہوتری کی شجرکاری کرتے ہوئے تصویر شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے ’’شیوراج سنگھ چوہان بطور وزیر اعلیٰ آپ ہمارے فخر ہیں، آپ بھی خود کو بھوپالی کہتے ہیں۔ بھوپالیوں کو لے کر آپ کے ساتھ شجرکاری کر رہے وویک اگنیہوتری کی سمجھ نے ہمیں بے عزت کر دیا ہے، آپ مسکرا رہے ہیں۔ وشواس سارنگ اور رامیشور شرما یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں کیا؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔