مہنگائی کی مار: حکومت اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، کانگریس کا الزام

کانگریس نے جمعہ کومہنگائی کے مسئلے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ذمہ دار ٹھہرا کر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے

گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کومہنگائی کے مسئلے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ذمہ دار ٹھہرا کر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لوک سبھا میں فنانس بل 2022 پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے گورو گوگوئی نے کہا کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ بے روزگاری بڑھ رہی ہے لیکن حکومت صرف جھوٹے وعدوں اور نعروں سے عوام کو بہلا رہی ہے۔

گوگوئی نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بے تحاشہ بڑھ رہی ہیں۔ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں اور انتخابات ہوتے ہی قیمتیں بڑھ گئیں۔ یہ ان لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے جنہوں نے انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کی تھی۔


انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی کورونا وبا اور لاک ڈاؤن جیسے حالات کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہیں‘ اس پر مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ حکومت کو مہنگائی کے لیے بیرونی عوامل کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے اپنی پالیسیوں کا خود جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرپٹو کرنسی کے حوالے سے پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ اس میں لاکھوں افراد شامل ہیں جو اس طرح کی کرنسی کے خطرات سے لاعلم ہیں۔ حکومت کو اس حوالے سے جلد واضح پالیسی لانی چاہیے۔

گوگوئی نے کہا کہ ریاستوں کی اقتصادی حالت اچھی نہیں ہے۔ حکومت کو اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کارپوریٹ ٹیکس کو 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنی چاہیے۔ اس سے سرمایہ کاری اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن نشی کانت دوبے نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران بھی حکومت نے جس طرح عام لوگوں کے دکھ -دردکو سمجھا اور راحت پہنچائی ‘ وہ لائق ستائش ہے۔


انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بین الاقوامی وجوہات کی بنا پر بڑھ رہی ہیں تاہم اسے کم کرنے کے لیے حکومت ایندھن کے متبادل طریقے تلاش کرکے اسے فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کریں گے۔ حکومت ایتھنول، ہائیڈروجن اور الیکٹرک جیسے متبادل کے ساتھ گاڑیوں کو فروغ دے رہی ہے۔

دوبے نے کہا کہ اپوزیشن مرکزی حکومت پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا الزام لگا رہی ہے، جبکہ سچائی یہ ہے کہ اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں میں قیمت سب سے زیادہ ہے کیونکہ اپوزیشن کی حکومت والی ریاستی حکومتوں نے وَیٹ میں کم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل کرنسی کو فروغ دے رہی ہے۔ حکومت اپنی ڈیجیٹل کرنسی کے قیام کی سمت میں بڑھ رہی ہے اور یہ آج کی ضرورت ہے۔ کرپٹو کرنسی پر آج نہیں تو کل پابندی لگنی ہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔