بنگلہ دیش دورہ: وزیر اعظم مودی کا ڈھاکہ میں شاندار استقبال، شیخ حسینہ سے اظہار تشکر

ڈھاکہ میں لینڈ کرنے کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ایئرپورٹ پر کئے گئے شاندار استقبال کے لئے میں وزیر اعطم شیخ حسینہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں

وزیر اعظم کا بنگلہ دیش کا دورہ / یو این آئی
وزیر اعظم کا بنگلہ دیش کا دورہ / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ڈھاکہ: وزیر اعظم نریندر مودی کے بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر جمعہ کی صبح یہاں حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈہ پہنچنے پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے خود شاندار استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی شیخ حسینہ کی دعوت پر ہمسایہ ملک کے قیام کی گولڈن جوبلی اور بنگا بندھو شیخ مجیب الرحمٰن کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے یہاں پہنچے ہیں۔ واضح رہے کہ کووڈ 19 وبا کے بعد وزیر اعظم مودی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

ہوائی اڈے پر بنگلہ دیش میں ہندوستان کے ہائی کمشنر وکرم دورےسامی بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم مودی کو ہوائی اڈے پر ہی فوج کے ایک دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔

ڈھاکہ پہنچنے پر ہونے والے والہانہ استقبال پر وزیر اعظم نریندر مودی نے شیخص حسینہ کا شکریہ ادا کیا۔ ڈھاکہ میں لینڈ کرنے کے بعد انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’ایئرپورٹ پر کئے گئے شاندار استقبال کے لئے میں وزیر اعطم شیخ حسینہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ دورہ ہماری اقوام کے باہمی تعلقات کو تقویت بخشے گا۔‘‘


ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مودی ڈھاکہ پہنچنے کے فورا بعد ہی شہداء کے قومی میموریل گئے اور بنگلہ دیش کی آزادی کی لڑائی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے وہاں وزٹر رجسٹر میں اپنے دستخط کئے ۔ اس کے بعد وہ دوپہر میں بنگلہ دیش کے قومی دن کے پروگرام میں شامل ہونے کے بعد شام کو باپو بنگا بندو ڈیجیٹل ویڈیو نمائش کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم مودی بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید سے ملاقات کریں گے اور میزبان وزیر اعظم محترمہ حسینہ کے ساتھ ایک وفد سطح کی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

وہ بنگلہ دیش کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور معززین سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے دورے کے پہلے بیان میں کہا تھا ’’ مجھے خوشی ہے کہ کووڈ 19 وبا کی شروعات کے بعد کسی ایسے ہمسایہ دوست ملک کا یہ میرا پہلا غیر ملکی دورہ ہے ، جس کے ساتھ ہندوستان کے ثقافتی ، لسانی اور دونوں ممالک کے لوگ کے درمیان گہرے تعلقات ہیں


وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کے قومی دن کی تقریبات میں اپنی شرکت کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں ۔ بنگلہ دیش کے بابائے قوم بنگا بندھو شیخ مجیب الرحمن کی صد سالہ سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔ بنگا بندھو گذشتہ صدی کے قد آور قائدین میں سے ایک تھے ، جن کی زندگی اور نظریات لاکھوں لوگوں کو تحریک دیتے ہیں ۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔