وائرل آڈیو: اغواکار خاتون نے کہا، ’4 کروڑ کا انتظام کرو، وکاس دوبے کا میٹر جانتے ہو نا...‘

گونڈہ میں 7 سالہ مغوی بچے کو پولیس نے برآمد کر لیا، ایک خاتون اغواکار نے بچے کے والد کو فون کیا تھا اور وکاس دوبے کا نام لے کر دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ 4 کروڑ کا انتظام کرو ورنہ بچے کو بھول جاؤ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

عمران

گونڈہ: اتر پردیش کے گونڈہ ضلع کے قصبہ کرنیل گنج سے اغوا ہونے والے ایک کاروباری کے 6 سالہ پوتے نمو گپتا کو پولیس نے 17 گھنٹوں کے بعد بازیاب کرا لیا۔ اس دوران چار کروڑ روپے کا تاوان طلب کرنے والی ایک خاتون چھوی پاندے سمیت 4 افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ تمام ملزمان کی گرفتاری کے بعد تاوان کی رقم مانگنے کی ایک آڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔ آڈیو میں چھوی پانڈے بچے کے والد کو دھمکی دیتی ہے کہ اگر انہوں نے 4 کروڑ روپے کا انتظام نہ کیا تو اپنے بچے کو بھول جائیں۔

بچے کو اغوا کرنے کے اس معاملہ میں پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ یو پی اے ڈی جی (نظم و نسق) پرشانت کمار نے میڈیا کو تمام معلومات فراہم کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کارروائی میں دو بدمعاش اومیش یادو اور دیپو کشیپ زخمی ہوئے ہیں۔ وہیں سورج پاندے، چھوی پانڈے اور ان کے بھائی راج پانڈے کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضہ سے ایک آلٹو کار، پستول اور دو طمنچے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ زخمی بدمعاشوں کا علاج چل رہا ہے۔


چھوی پانڈے کون ہے؟

اغواکاروں میں شامل چھوی پانڈے سورج پانڈے کی بیوی ہے۔ اس نے ہی بچے کے والد کو تاوان کے لئے فون کیا تھا۔ اس نے فون کر کے چار کروڑ روپے کا تاوان مانگا تھا۔ آڈیو میں وہ دھمکی دیتی ہوئی سنائی دیتی ہے۔ اس نے وکاس دوبے کا بھی نام لیتے ہوئے کہا کہ جانتے ہو نہ، وکاس دوبے کا کیا انجام ہوا؟ پولیس کسی کی نہیں ہوتی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تاوان کے لئے جب کاروباری کے پاس فون آیا تو انہوں نے کال کو اپنے موبائل میں ریکارڈ کر لیا اور ریکارڈنگ پولیس کو دے دی۔ پولیس نے جب ریکارڈنگ سنی تو واضح ہو گیا کہ اغواکارو پیشہ ور نہیں ہیں۔ چھوی فون پر کاروباری کو آپ کہہ کر مخاطب کر رہی تھی اور بات چیت کے دوران وہ اٹک بھی رہی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jul 2020, 4:11 PM
/* */