افسوس! سخت مشقت کے بعد بھی پرنب مکھرجی کو نہیں بچا پائے آرمی اسپتال کے ڈاکٹرس

پرنب مکھرجی کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی سیاسی حلقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی اور تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ان کے انتقال کو ایک دور کا خاتمہ قرار دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

21 دنوں تک آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال میں بہترین ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج کے باوجود 84 سالہ سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا آج انتقال ہو گیا۔ یہ خبر ان کے بیٹے ابھجیت مکھرجی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے دی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ "انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ میرے والد پرنب مکھرجی آر آر اسپتال کے ڈاکٹروں کی بھرپور کوشش اور پورے ہندوستان کے لوگوں کی دعاؤں کے باوجود اس دنیا میں نہیں رہے۔ آپ سب کی دعاؤں کے لیے شکریہ۔"

پرنب مکھرجی کے انتقال کی خبر پھیلنے کے بعد سیاسی حلقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ان کے انتقال کو ایک دور کا خاتمہ قرار دیا ہے۔ رام ناتھ کووند نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے انتقال کے بارے میں سن کر دل کو دھچکا پہنچا۔ ان کا انتقال ایک دور کا خاتمہ ہے۔" ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ "پرنب مکھرجی کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور ملک کے سبھی باشندوں کے تئیں میں اظہارِ ہمدردی کرتا ہوں۔ غیر معمولی ذہن کے مالک، بھارت رتن پرنب مکھرجی کی شخصیت میں روایت اور جدیدیت کا بہترین انضمام تھا۔"


واضح رہے کہ پرنب مکھرجی کی حالت کچھ دنوں قبل تک مستحکم بنی ہوئی تھی، لیکن اتوار (30 اگست) کو طبیعت کافی ناساز ہو گئی۔ انھیں پھیپھڑے میں انفیکشن کی وجہ سے 'سیپٹک شاک' لگنے کی بات ڈاکٹروں نے بتائی۔ دراصل 'سیپٹک شاک' ایک ایسی حالت ہے جس میں بلڈ پریشر کام کرنا بند کر دیتا ہے ور جسم کے اعضاء ضروری آکسیجن حاصل کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔

آرمی کے ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال نے پرنب مکھرجی کی طبیعت کے تعلق سے پیر کے روز صبح میں بتایا تھا کہ علاج کر رہے ڈاکٹروں کے مطابق وہ گہرے قومہ کی حالت میں ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہی علاج چل رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پرنب مکھرجی کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کر رہی ہے اور باریکی سے ان کے ہیلتھ کنڈیشن پر نگاہ بنائے ہوئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ پرنب مکھرجی کو گزشتہ 10 اگست کو آرمی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کی برین سرجری ہوئی تھی۔ بعد میں ان کے پھیپھڑوں میں بھی انفیکشن ہو گیا تھا جس کا علاج ڈاکٹرس کر رہے تھے۔ اسپتال نے ایک بیان میں گزشتہ دنوں یہ بھی کہا تھا کہ "پرنب مکھرجی کی صحت میں گراوٹ دیکھی گئی۔ پھیپھڑے میں انفیکشن کی وجہ سےا نھیں سیپٹک شاک آیا ہے اور ان کا علاج ماہرین کی ایک ٹیم کر رہی ہے۔ وہ اب بھی گہرے قومہ میں ہیں اور وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Aug 2020, 6:50 PM