گاڑیوں کے لئے اسکریپ پالیسی جلد آئے گی، جنگی پیمانہ پر کام جاری
پرانی گاڑیوں کار، بس، ٹرک وغیرہ کے نپٹارہ کے لئے حکومت وہیکل اسکریپ پالیسی لانے کی تیاری کررہی ہے جس سے آٹو صنعت کو بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی

نئی دہلی: پرانی گاڑیوں کار، بس، ٹرک وغیرہ کے نپٹارہ کے لئے حکومت وہیکل اسکریپ پالیسی لانے کی تیاری کررہی ہے جس سے آٹو صنعت کو بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وہیکل اسکریپ پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لئے جنگی پیمانہ پر کام چل رہا ہے، متعلقہ وزارتوں کے ساتھ تبادلہ خیال تقریباً مکمل ہوگیا ہے، حکومت اس پالیسی کا جلد ہی اعلان کرے گی۔ اس پالیسی میں صارفین اور مینوفیکچررز کے مفادات کا خیال رکھا گیا ہے، پرانی گاڑیوں کو ایک مقررہ وقت کے بعد آپریشن سے ہٹا دیا جائے گا، اس کے بدلہ میں صارفین کو کچھ فائدہ ملے گا، ودسری طرف بازار میں نئی گاڑیوں کی مانگ پیدا ہوگی جس سے آٹو انڈسٹری کو تقویت ملے گی۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے حال ہی میں وہیکل اسکریپ پالیسی کے اشارے دیتے ہوئے کہا تھا کہ پرانی گاڑیوں کے نپٹارہ کے لئے پلانٹ بندرگاہوں اور شاہراہوں کے نزدیک قائم کیے جائیں گے، اس سے گاڑیوں کی تیاری لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی، اس کے علاوہ نپٹارہ سے پیدا ہوئے وسائل کو آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکے گا۔
ذرائع نے امید ظاہر کی کہ آئندہ پانچ برسوں کے دوران دنیا میں آٹو انڈسٹر ی میں ہندوستان کی اہم جگہ ہوگی، انہوں نے کہا کہ اسکریپ پالیسی سے وہیکل انڈسٹری کو فائدہ ہوگا، گاڑیوں کی قیمتیں مسابقتی ہوں گی اور گھریلو بازار میں مانگ بڑھے گی۔
فی الحال ملک میں پرانی گاڑیوں کو آپریشن سے ہٹانے کے لئے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ التزامات کے مطابق پٹرول گاڑیوں کو پندرہ برس اور ڈیزل کی گاڑیوں کو دس برس چلانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ قومی خطہ راجدھانی دہلی میں پٹرول کے لئے پندرہ برس اور ڈیزل کی گاڑیوں کے لئے دس برس کی مدت مقرر ہے۔ اس کے بعد ان گاڑیوں کو چلانے کی اجازت نہیں ہے، ملک کے دیگر حصوں میں مقررہ مددت ختم ہونے کے بعد ان گاڑیوں کا اجازت لیکر پھر سے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔