اتراکھنڈ: ’ایم آئی-17‘ کے ذریعے لے جایا جا رہا ہیلی کاپٹر ٹوٹ کر زمین پر گرا، حادثہ ٹل گیا

اتراکھنڈ کے رودرپریاگ میں اس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جب ’ایم آئی 17‘ ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جایا جا رہا ایک خرابی کا شکار ہیلی کاپٹر ٹوٹ کر اچانک زمین پر گر گیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

رودرپریاگ: اتراکھنڈ کے رودرپریاگ میں اس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جب ’ایم آئی 17‘ ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جایا جا رہا ایک خرابی کا شکار ہیلی کاپٹر ٹوٹ کر اچانک زمین پر گر گیا۔ یہ واقعہ کیدارناتھ پیدل روٹ کے رام باڑہ میں پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق کیدارناتھ دھام میں ’کرسٹل کمپنی‘ کا ہیلی کاپٹر خراب ہو گیا تھا۔ جس کے بعد اسے لے جانے کے لیے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا۔ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر نے جیسے ہی ٹیک آف کیا، تھوڑی ہی دوری پر پہنچنے کے بعد اس سے منسلک خرابی والا ہیلی کاپٹر ٹوٹ کر آسمان سے زمین پر گر گیا۔

غنیمت یہ رہی کہ جس وقت یہ ناقص ہیلی کاپٹر زمین پر گیا، اس دوران آس پاس کوئی موجود نہیں تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ خرابی کا شکار ہیلی کاپٹر اونچائی پر پہنچنے کے بعد اپنا توازن کھو بیٹھا تھا۔ جس وقت حادثہ پیش آیا کرسٹل کمپنی کے ہیلی کاپٹر کو کیدارناتھ سے گوچر ہیلی پیڈ تک لے جایا جا رہا تھا۔


فی الحال اس حادثے میں کسی قسم کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ اس سے پہلے مئی کے مہینے میں کیدارناتھ دھام میں پائلٹ کی عقلمندی کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا تھا۔ کیدارناتھ دھام جانے والے اس ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کو ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔

ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی پیدا ہونے پر پائلٹ نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحفاظت لینڈنگ کی۔ جس کی وجہ سے 6 افراد کی جانیں بچ گئیں۔ ہیلی کاپٹر نے سرسی سے کیدارناتھ دھام کے لیے اڑان بھری تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔