ملک کی 22 ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ، گجرات-راجستھان میں سیلاب، تریپورہ میں 1.37 لاکھ لوگ بے گھر

آئی ایم ڈی نے گجرات میں دو دنوں تک موسلادھار بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ جبکہ مغربی راجستھان، انڈمان نکوبار جزائر، مغربی راجستھان، کیرالہ اور اوڈیشہ کے لیے بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>بارش کی فائل تصویر / آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>

بارش کی فائل تصویر / آئی اے اینایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جموں و کشمیر سمیت شمال مغرب سے مغرب، وسطی اور شمال مشرقی ہندوستان تک موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ تقریباً پورا گجرات اور مغربی راجستھان سیلاب کی زد میں ہے۔ دونوں ریاستوں کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ گجرات میں سات افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 15 ہزار سے زائد افراد کو نشیبی علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر بھیج دیا گیا ہے۔ جب کہ پانی میں محصور 300 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ دیو بھومی دوارکا، آنند، وڈودرا، کھیڑا، موربی اور راجکوٹ اضلاع میں بچاؤ آپریشن میں فوج کا ایک ایک کالم تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کو 22 ریاستوں میں شدید بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔

احمد آباد میں حکام نے بتایا کہ بدھ کو مسلسل تیسرے دن شدید بارش کی وجہ سے معمولات زندگی مکمل طور پر درہم برہم ہو گئے ہیں۔ سڑک اور ریل ٹریفک بری طرح متاثر ہوا ہے اور کئی ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔ پنچ محل، نوساری، ولساڈ، وڈودرا، بھڑوچ، کھیڑا، گاندھی نگر، بوٹاڈ اور اراولی اضلاع میں ڈیموں اور ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے 6 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

گجرات سے متصل راجستھان کے شمالی حصے میں بھی موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ جے پور، ادے پور، بانسواڑہ اور ڈونگر پور اضلاع میں بھی کچھ مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔ جموں کے راجوری میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے۔ رام بن میں بادل پھٹنے سے لاپتہ ہونے والے سات افراد میں سے دو کی لاشیں مل گئی ہیں۔


ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے گجرات میں اگلے دو دنوں تک موسلادھار بارش کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ بدھ کے لیے مغربی راجستھان اور انڈمان نکوبار جزائر میں اور جمعرات کے لیے مغربی راجستھان، کیرالہ اور اوڈیشہ میں بارش کے سلسلے میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

وہیں، 22 ریاستوں بشمول جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، مدھیہ پردیش، بہار، جھارکھنڈ، اوڈیشہ کے کچھ علاقوں، مہاراشٹر، گوا، کرناٹک، کیرالہ کے بیشتر حصوں اور تمام شمال مشرقی ریاستوں میں بدھ کے لیے، 10 ریاستوں میں جمعرات کے لیے بارش کے حوالے سے یلو الرٹ ہے۔

تریپورہ کے وزیر اعلی مانک ساہا نے کہا کہ مرکز ریاست میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم بھیجے گا۔ ریاست میں کل 17 لاکھ لوگ قدرتی آفت سے متاثر ہوئے ہیں اور 1.37 لاکھ بے گھر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سیلاب سے ہونے والے حقیقی نقصان کا جائزہ لینے کے لیے جلد ہی ایک مرکزی ٹیم بھیجیں گے۔

ہماچل پردیش میں موسلا دھار بارش اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 126 سڑکیں بند ہیں۔ آنی-کلو قومی شاہراہ بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 10 گھنٹے تک بند رہی۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والا ایک عقیدت مند جو ’منی مہیش یاترا‘ سے لوٹ رہا تھا، وہ توس کے گوٹھ میں پہاڑی سے گرنے والے پتھر کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ اس واقعہ میں کانگڑا کے بیجناتھ کا ایک جوڑا زخمی بھی ہو گیا۔ راجدھانی شملہ میں موسلا دھار بارش سے کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ صبح کے وقت بارش کے باعث اسکول جانے والے بچوں اور دفتر جانے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آئندہ دو روز تک بارش کے حوالے سے یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔