الیکشن سے قبل اتراکھنڈ بی جے پی کو لگا جھٹکا، وزیر ٹرانسپورٹ یشپال آریہ اور رکن اسمبلی سنجیو کانگریس میں شامل

اتراکھنڈ حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ یشپال آریہ اور ان کے رکن اسمبلی بیٹے سنجیو آریہ نے بی جے پی کو جھٹکا دیتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

تصویر ٹوئٹر @INCIndia
تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ یشپال آریہ اور ان کے رکن اسمبلی بیٹے سنجیو آریہ دہلی میں کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت کی موجودگی میں دونوں لیڈران کانگریس میں شامل ہوئے۔ دہلی میں کانگریس قومی ترجمان رندیپ سرجے والا اور ریاستی انچارج دیویندر یادو کی موجودگی میں پریس کانفرنس میں یشپال اور سنجیو آریہ نے واپسی کی۔ اس دوران حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ، ریاستی صدر گنیش گودیال اور سابق وزیر اعلیٰ ہریش راوت بھی موجود رہے۔

کانگریس میں شامل ہونے سے قبل دونوں لیڈروں نے راہل گاندھی سے ملاقات کی تھی۔ راہل گاندھی نے پارٹی میں شامل ہونے پر دونوں لیڈروں کا استقبال کیا۔ قابل ذکر ہے کہ یشپال آریہ باج پور اور ان کے بیٹے سنجیو آریہ نینی تال سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔


یشپال آریہ پشکر سنگھ دھامی حکومت میں وزیر تھے اور ان کے پاس چھ محکمے تھے۔ وہ ٹرانسپورٹ، سماجی فلاح، اقلیتی فلاح، طلبا فلاح، سلیکشن اور آبکاری محکمہ دیکھ رہے تھے۔ قابل غور ہے کہ یشپال اور سنجیو آریہ نے 2017 میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی کا دامن تھاما تھا۔ بی جے پی نے اس وقت دونوں کو امیدوار بھی بنایا تھا۔ دونوں نے جیت درج کی تھی۔ اس کے بعد بی جے پی حکومت نے یشپال آریہ کو کابینہ وزیر بنایا۔ یشپال قبل میں اتراکھنڈ اسمبلی کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔ یشپال آریہ پہلی بار 1989 میں کھٹیما ستار گنج سیٹ سے رکن اسمبلی بنے تھے۔ وہ پہلے بھی کافی وقت تک کانگریس پارٹی میں رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔