اتراکھنڈ: ٹرینر سمیت 29 کوہ پیمائی ٹرینی برفانی تودے میں پھنسے، 8 کو بحفاظت نکالا گیا، 10 لاشیں برآمد، بقیہ کی تلاش جاری

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دروپدی کے ڈانڈا 02 (سطح سمندر سے 5006 میٹر اونچائی) کے قریب آج برفانی تودہ گرنے سے تقریباً 29 کوہ پیمائی ٹرینی اور ٹرینر پھنس گئے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ کے اترکاشی میں واقع نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ (این آئی ایم) کی پہاڑی تربیتی کانفرنس کے دوران منگل کو اچانک برفانی تودہ گرنے سے ٹرینی اور ٹرینرز سمیت 29 افراد پھنس گئے۔ فوج کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی ٹیمیں تلاش کے لیے روانہ کی گئیں۔ جس کے بعد ان میں سے 8 کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ 10 کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ دروپدی کے ڈانڈا 02 (سطح سمندر سے 5006 میٹر اونچائی) کے قریب آج برفانی تودہ گرنے سے تقریباً 29 کوہ پیمائی ٹرینی اور ٹرینر پھنس گئے۔ جس میں 8 افراد کو ٹیم کے دیگر ارکان نے بچا لیا ہے اور 10 کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، بقیہ افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو کارروائی کی جا رہی ہے۔


دوسری جانب وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ٹوئٹ کیا کہ انہوں نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بات کی ہے اور ان سے امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے فوجی مدد کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے ہمیں مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے مزید ٹوئٹ کیا کہ ضلع انتظامیہ، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج اور آئی ٹی بی پی کے اہلکاروں کی طرف سے نم کی ٹیم کے ساتھ تیزی سے راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ ٹرینی افراد کو جلد از جلد بحفاظت باہر نکالا جا سکے۔

اس کے ساتھ ہی اترکاشی ضلع انتظامیہ کے مطابق، مذکورہ جگہ پر مواصلات کی سہولت کے لیے نم کے دو سیٹلائٹ فون (سیٹیلائٹ نمبر - 8991122725، 8991117711) دستیاب ہیں۔ وشال رنجن، رجسٹرار، این آئی ایم اترکاشی (9568919195، 9412420840) اور دیویندر سنگھ پٹوال، ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر، اترکاشی (9456147974) کو آرڈینیشن کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ہیلی ریسکیو آپریشن کے لیے ماتلی ہیلی پیڈ پر اے ٹی ایف کا انتظام کیا گیا ہے۔ ماتلی کو سہستردھارا ہیلی پیڈ، دہرادون پہنچایا جائے گا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔