اتر پردیش: بی جے پی رکن اسمبلی اور ان کے بیٹے پر خاتون نے لگایا سنگین الزام، مار پیٹ و عصمت دری کا کیس درج

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر لکشمی کانت ورما کے خلاف دفعہ 376، 313، 323، 504 کے ساتھ دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی)، 494 اور 328 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے آگرہ ضلع میں بی جے پی کے رکن اسمبلی چھوٹے لال ورما اور ان کے بیٹے لکشمی کانت ورما کے خلاف ایک خاتون نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ خاتون نے رکن اسمبلی کے بیٹے پر عصمت دری، مار پیٹ اور استحصال کا الزام لگاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ علاوہ ازیں رکن اسمبلی کے خلاف خاتون پر ظلم کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ چھوٹے لال کی بیٹی کی دوست ہے اور 17 سال کی عمر سے ہی اس کے آگرہ واقع رہائش پر آتی جاتی تھی۔ 2003 میں اس کی ملاقات لکشمی کانت ورما سے ہوئی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ رکن اسمبلی کے بیٹے نے اسے اپنے گھر پر بلایا، اسے شراب پلائی اور اس کے ساتھ عصمت دری کی۔


شکایت دہندہ کے مطابق ورما نے اس عمل کی ویڈیو بنائی، جان سے مارنے کی دھمکی دی اور اس کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس نے مبینہ طور پر اس خاتون سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس سے شادی کرے گا۔ خاتون نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کچھ سال بعد چھوٹے لال کے بیٹے نے اس سے ایک مندر میں شادی بھی کی اور بعد میں اسے کئی بار اسقاط حمل کے لیے مجبور کیا۔ متاثرہ کے مطابق 2006 میں جب وہ جالندھر گئی تو چھوٹے لال نے اپنے بیٹے کی شادی دوسری لڑکی سے کر دی۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد بھی اس کا استحصال جاری رہا اور رکن اسمبلی کے بیٹے نے اسے طلاق کے کاغذات پر دستخط کرنے کے لیے مجبور کیا۔

اس معاملے میں پولیس نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر لکشمی کانت ورما پر دفعہ 376 (عصمت دری)، 313 (خاتون کی رضامندی کے بغیر اسقاط حمل)، 323 (مرضی سے چوٹ پہنچانے کی سزا)، 504 (بدامنی اور اشتعال انگیزی کے ارادے سے قصداً کی گئی بے عزتی)، 506 (مجرمانہ دھمکی)، 494 (شوہر یا بیوی کے زندہ رہتے دوبارہ شادی کرنا)، اور 328 (زہر دے کر چوٹ پہنچانا) کے الزام کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔