جیلر کو دھمکانے کے معاملے میں الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مختار انصاری کو قصوروار ٹھہرایا، سنائی 2 سال قید کی سزا

مختار انصاری ابھی باندہ جیل میں بند ہیں، جیل انتظامیہ کے مطابق مختار کی سیکورٹی میں تقریباً 32 سیکورٹی اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی پر لگائے گئے ہیں۔

مختار انصاری، تصویر آئی اے این ایس
مختار انصاری، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مختار انصاری کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے عالم باغ تھانہ کے ایک مجرمانہ معاملے میں انھیں قصوروار قرار دے دیا ہے۔ معاملہ 2003 کا ہے جب اس وقت کے جیلر ایس کے اوستھی نے تھانہ عالم باغ میں مختار انصاری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ جیل میں مختار انصاری سے ملنے آئے لوگوں کی تلاشی لینے کا حکم دینے پر انھیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں گالی گلوچ کرتے ہوئے مختار نے ان پر پستول بھی تان دی تھی۔ اس معاملے میں ٹرائل کورٹ نے مختار انصاری کو بری کر دیا تھا جس کے خلاف حکومت نے اپیل داخل کی تھی۔ اب الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مختار انصاری کو دو سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے جسٹس دنیش کمار سنگھ کی سنگل بنچ نے ریاستی حکومت کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔

قابل ذکر ہے کہ مختار انصاری ابھی باندہ جیل میں بند ہیں اور ان کی سیکورٹی کے لیے جیل انتظامیہ کے ساتھ کانپور کے ایک ڈپٹی جیلر کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ جیل انتظامیہ کے مطابق مختار کی سیکورٹی میں تقریباً 32 سیکورٹی اہلکار 24 گھنٹے ڈیوٹی پر لگائے گئے ہیں۔ جس میں اندر کی بیرک میں رہنے والے سیکورٹی اہلکار باڈی کیم سے مزین ہیں۔ یعنی ہر سرگرمی کی نظر جسم میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوتی ہے۔


گزشتہ دنوں ڈی آئی جی جیل سنجیو ترپاٹھی اور ضلع مجسٹریٹ انوراگ پٹیل نے جیل کا اچانک معائنہ کیا تھا۔ گھنٹوں تلاشی لینے سے جیل انتظامیہ میں ہنگامہ مچ گیا تھا۔ غنیمت رہی کہ کوئی بھی قابل اعتراض سامان نہیں ملا۔ حکومت کی ہدایت پر جیل کے سیکورٹی انتظامات درست رکھے جا رہے ہیں۔ سڑک سے جیل کیمپس تک 36 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں تاکہ چپے چپے کی نگرانی کی جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔