اتر پردیش: ’ووٹر کو سوچنا ہوگا کہ شیوچوک پر گھنٹہ بجے گا یا مسجد میں اللہ اکبر‘، بی جے پی چیئرمین کا متنازعہ بیان

بی جے پی امیدوار سدھیر مان کے حق میں منقعد انتخابی جلسہ میں امت رانا نے کہا کہ یہ عام انتخاب نہیں ہے بلکہ یہ ہندوستان-پاکستان کا انتخاب ہے، اس لیے سبھی کو متحد ہو کر بی جے پی کے حق میں ووٹ کرنا ہوگا۔

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر متنازعہ بیانات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ معاملہ باغپت کا ہے جہاں بڑوت میں موجودہ بی جے پی چیئرمین امت رانا نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انتہائی متنازعہ بیان دے ڈالا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہاں 11 مئی کو انتخاب ہونا ہے۔ ایسے میں یہاں کے ووٹرس کو سوچنا ہوگا کہ گھنٹہ شیوچوک پر بجے یا پھوس والی مسجد میں اللہ اکبر کی صدا بلند ہو۔‘‘

بی جے پی لیڈر اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، بلکہ یہاں تک کہہ دیا کہ لوگوں کو خود طے کرنا ہوگا کہ گھر کے باہر مرغے کی ٹھیلی لگوانی ہے یا پھر سُشاسن لانا ہے۔ بی جے پی امیدوار سدھیر مان کے حق میں منقعد انتخابی جلسہ میں انھوں نے کہا کہ یہ کوئی عام انتخاب نہیں ہے بلکہ یہ ہندوستان-پاکستان کا انتخاب ہے۔ اس لیے سبھی کو متحد ہو کر بی جے پی کے حق میں ووٹ کرنا ہوگا۔


قابل ذکر ہے کہ اسی طرح کا بیان اسمبلی انتخاب میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی دیئے تھے۔ اب بلدیاتی انتخاب میں مقامی لیڈران بھی اسی طرح کے بیانات کے سہارے بی جے پی کو کامیابی دلانے کے لئے کوشاں ہیں۔  بتایا جاتا ہے کہ بدھ کے روز بڑوت کے گھٹا بازار میں سدھیر مان کی طرف سے جلسہ منعقد کیا گیا تھا۔ اس میں ریاستی وزیر کرشن پال ملک، سابق رکن اسمبلی سہیندر سنگھ رمالا، سابق ریاستی وزیر چودھری صاحب سنگھ سمیت کئی بی جے پی لیڈران موجود تھے۔

اسی دوران بی جے پی لیڈر امت رانا نے اسٹیج سے بولتے ہوئے کہا کہ یہی موقع ہے جب لوگ طے کر سکیں گے کہ گھر کے باہر مرغوں کی ٹھیلی لگوانی ہے یا پھر سُشاسن لانا ہے۔ امت رانا جب یہ بیان دے رہے تھے تو جلسہ میں موجود سبھی لوگ زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔