یو پی: پی ایم مودی نے 2 سال پہلے جس پل کا کیا تھا افتتاح، اس کی حالت ہوئی خستہ

تعمیر پل کی حالت دو سال میں ہی خستہ ہونے کے تعلق سے جب اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما سے سوال کیا گیا تو وہ بغلیں جھانکتے ہوئے نظر آئے اور کوئی سیدھا جواب نہیں دیا۔

نریندر مودی، تصویر یو این آئی
نریندر مودی، تصویر یو این آئی
user

تنویر

اتر پردیش کے رائے بریلی میں دو سال قبل پی ایم مودی نے اہم شہروں کو جوڑنے کے لیے اوور برج یعنی پل کا افتتاح کیا تھا، لیکن اس قلیل مدت میں ہی اس کی حالت انتہائی خستہ ہو گئی ہے اور اس پر چلنا لوگوں کے لیے دشوار ہو گیا ہے۔ بات ہو رہی ہے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی کو لکھنؤ، پریاگ راج و کانپور سڑک کو جوڑنے والے فلائی اوور کی جو 35 کروڑ کے خرچ سے بنا تھا اور اب اس کا حال قابل افسوس حد تک خراب ہو چکا ہے۔ جب اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو وہ کچھ بھی جواب دینے سے بچتے ہوئے نظر آئے۔

سڑک کی خستہ حالت کے بارے میں ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی لائیو ڈاٹ کام‘ پر ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس کے مطابق حکومت نے رائے بریلی کو ریلوے سیکشن سمپار نمبر 24 اے پر دو لین فلائی اوور محض اس لیے دیا تاکہ رائے بریلی کے عوام آسانی سے اپنا سفر طے کر پائیں اور انہیں جام کے مسئلہ سے نجات مل سکے۔ 35 کروڑ کی لاگت سے پل بن کر تیار ہو گیا اور 16 دسمبر 2018 کو پی ایم نریندر مودی نے اوور برج کو عوام کے حوالے بھی کر دیا۔ اس موقع پر اتر پردیش کے گورنر رام نائک، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ بھی موجود تھے۔ لیکن محض دو سال میں جو حالت اس اوور برج کی ہو گئی ہے، اس نے کئی طرح کے سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔ پل تعمیر میں جہاں بدعنوانی کی بو آنے لگی ہے، وہیں افسروں کے طریقہ کار پر بھی سوالیہ نشان لگ رہے ہیں۔


’اے بی پی لائیو‘ کے مطابق فلائی اوور کی حالت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ ایکسپنشن جوڑ پر لگے ہوئے لوہے کی راڈ اور پتیاں بھی ٹوٹی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ اس طرف سے گزرنے والی گاڑیوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پل سے آنے جانے والے راہ گیروں کے دل میں ہمیشہ کسی ناخوشگوار واقعہ کا خوف رہتا ہے۔ اس پل کا استعمال کرنے والے لوگ جب آپس میں بات کرتے ہیں تو یہی کہتے ہیں کہ اگر بدعنوانی کا کھیل نہیں کھیلا گیا ہوتا تو اتنی جلدی پل کی حالت خراب نہیں ہوتی۔

لکھنؤ سے جون پور ایک تقریب میں جا رہے ریاست کے بی جے پی لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما سے جب سوال کیا گیا کہ آخر دو سال میں ہی فلائی اوور کی حالت اس قدر خستہ کس طرح ہو گئی، اور کیا اس میں سرکاری افسران کی لاپروائی یا بدعنوانی کا معاملہ ہے، تو دنیش شرما بغلیں جھانکتے ہوئے نظر آئے۔ انھوں نے سوال کا کوئی سیدھا جواب نہیں دیا اور ٹال مٹول کر گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔