اتر پردیش کے سونبھدر میں اسکولی بچوں کو دلایا گیا ہندو راشٹر بنانے کا حلف!

بچوں کو یہ حلف سونبھدر ضلع کے نہرو پارک میں دلایا گیا اور بعد میں بچوں کو ’بھارت ماتا کی جئے‘، ’وندے ماترم‘ اور ’جئے ہند‘ کے نعرے لگوائے گئے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے سونبھدر ضلع میں اسکولی بچوں کو ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کا حلف دلائے جانے سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ ویڈیو ایک پارک کی ہے جس میں بچوں کو کہا جا رہا ہے کہ ملک کو ہندو رشٹر بنانے کے لیے لڑو، مرو اور ضرورت پڑنے پر مار بھی دو۔ اس معاملے کے طول پکڑنے کے بعد اس پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے، لیکن یوپی پولیس کا رویہ کافی سست ہے۔

وائرل ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ اسکولی وقت کے بعد کچھ بچے اسکول وردی میں ایک پارک میں کھڑے تھے اور یہاں ان سبھی کو ملک کو ہندو راشٹر بنانے کا حلف دلایا گیا۔ اس کے علاوہ پارک میں اپنے والدین کے ساتھ پہنچنے والے بچوں کو بھی اسی طرح کا حلف دلایا گیا۔ اس ویڈیو میں بچوں کو بار بار کہا جارہا ہے کہ ’’ملک کو ہندو راشٹر بنانے کے لیے لڑو، مرو اور ضرورت پڑنے پر مار بھ دو۔‘‘


ویڈیو میں بچوں کو جو حلف دلایا گیا، اس میں کہا گیا ’’ہم ملک کو ایک ہندو راشٹر بنانے کی سمت میں کام کرنے کا عزم لیتے ہیں اور ہم اس کے لیے لڑیں گے، اپنی جان بھی دیں گے اور ضرورت پڑنے پر جان لینے سے پیچھے بھی نہیں ہٹیں گے۔ چاہے جو بھی قربانی دینی پڑے ہم ایک لمحہ بھی نہیں جھکیں گے۔ ہم اپنے خاندان، اساتذہ اور بھارت ماتا سے گزارش کرتے ہیں کہ ہمیں اس کام کے لیے ضروری طاقت فراہم کریں تاکہ ہم اپنے عزم کو پورا کر سکیں اور یہ ہمیں فتحیاب بنائے۔‘‘

بچوں کو یہ حلف سونبھدر ضلع کے نہرو پارک میں دلایا گیا اور بعد میں بچوں کو ’بھارت ماتا کی جئے‘، ’وندے ماترم‘ اور ’جے ہند‘ وغیرہ بولتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس متنازعہ ویڈیو کو ایک نیوز چینل نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر چلایا ہے۔ اس معاملے میں پولیس سے پوچھے جانے پر بتایا گیا کہ انھیں معاملے کی جانکاری ہے اور ویڈیو کی سچائی کے بارے میں پتہ کیا جا رہا ہے۔ جانچ کے بعد ہی اس تعلق سے کوئی کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔