اتر پردیش: پنچایت انتخابات دیوالی سے قبل ہونے کے امکانات

پنچایتی راج افسران نے ہفتہ کو بتایا کہ سہ رخی پنچایت انتخابات مارچ 15-30 کے درمیان ممکنہ طور سے چار مراحل میں منعقد ہوسکتے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش میں پنچایتی راج سسٹم کے تحت گرام پردھانوں کی میعاد کار گزشتہ 25 دسمبر کو ختم ہونے کے بعد جہاں حکومت نے گاؤں کے انتظام و انصرام کے لئے منتظم کو مقرر کیا ہے تو وہیں ہولی تیوہار سے قبل سہ رخی پنچایت انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں کر رہی ہے۔ وہیں دوسری جانب پنچایات انتخابات کی وجہ سے یوپی بورڈ کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ اور یہ ہولی کے بعد مارچ کے آخری ہفتے میں منعقد ہوں گے۔ ریاست کے نائب وزیر اعلی و وزیر تعلیمات ڈاکٹر دنیش شرما بورڈ ممبران کے ساتھ 14جنوری کو میٹنگ میں بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ ملحوظ رہے کہ سال 2020 میں بورڈ امتحانات فروری میں منعقد ہوئے تھے اور ہولی سے پہلے مکمل ہوگئے تھے۔

پنچایتی راج افسران نے ہفتہ کو بتایا کہ سہ رخی پنچایت انتخابات مارچ 15-30 کے درمیان ممکنہ طور سے چار مراحل میں منعقد ہوسکتے ہیں۔ محکمہ پنچایت راج کے وزیر بھوپیندر چودھری نے تصدیق کی ہے کہ پنچایات انتخابات کے لئے تاریخ کا اعلان 15 کو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گرام سبھا کی نئی حد بندی کا کام مکمل ہوگیا ہے جبکہ وارڈوں کی حد بندی کا کام جاری ہے۔


پنچایتی راج وزیر بھوپیندر چودھری کے مطابق مرادآباد، گونڈہ، سنبھل اور گوتم بدھ نگر اضلاع مکمل نئی حد بندی کی جا رہی ہے جبکہ دیگر اضلاع میں معمولی حذف یا اضافہ کے ساتھ دوبارہ گرام سبھا و وارڈوں کو ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 14جنوری تک حد بندی کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ جس کے بعد ریزرویشن کا کام ہوگا۔ بھوپیندر چودھری کے مطابق ابھی تک گرام پنچایت کی سیٹوں کے ریزرویشن کا کام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پر کیا جاتا تھا لیکن اس بار اس کارروائی کو آن لائن کردیا گیا ہے۔ اب گرام سبھا، بی ڈی سی، پردھان اور ضلع پنچایت اراکین کے ریزرویشن کا کام لکھنؤ سے ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔