امت شاہ کا مذاق بنانے والے اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی کی پٹائی

منور فاروقی کی پٹائی کے بعد ہندو تنظیم کے کارکنان اسے تھانہ لے گئے اور پولس کو بتایا کہ ایک پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ دیوی دیوتاؤں کی بے عزتی بھی کی جا رہی تھی۔

امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
امت شاہ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

مدھیہ پردیش میں ایک کامیڈی شو کے دوران گودھرا واقعہ اور امت شاہ کا مذاق بنانا اسٹینڈ اَپ کامیڈین منور فاروقی کے لیے مہنگی پڑی۔ ’ہند رکشک‘ نامی ہندو تنظیم کے کارکنان نے ان کی خوب پٹائی کی اور پھر تھانہ پہنچ کر ان کے خلاف معاملہ بھی درج کرایا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق واقعہ اندور واقع 56 دکان علاقہ میں سرزد ہوا جہاں ’منرو کیفے‘ کے ایک پروگرام میں ہندو رکشک کارکنان نے زبردست ہنگامہ کیا۔

ہندو رکشک تنظیم کے کنوینر ایکلویہ گوڑ نے اس سلسلے میں تقریب کے آرگنائزر اور کامیڈین منور فاروقی کے خلاف پولس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ گوڑ نے ان دونوں کو تکوگنج تھانہ لے جا کر پولس کے حوالے کیا اور کہا کہ پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ دیوی دیوتاؤں کی بے عزتی بھی کی جا رہی تھی۔


ایکلویہ گوڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ منور فاروقی پہلے بھی اپنے پروگراموں میں دیوی دیوتاؤں کا مذاق بناتے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب منرو کیفے میں پروگرام منعقد ہونے کی خبر ملی تو ٹکٹ لے کر کچھ ساتھیوں کے ساتھ وہاں پہنچ گیا۔ پھر جب انھوں نے دیکھا کہ گودھرا واقعہ میں مارے گئے کارسیوکوں پر منور فاروقی کمنٹ کر رہے ہیں تو ان کی پٹائی کی گئی۔ منور فاروقی کو ہند رکشک تنظیم کے کارکنان پکڑ کر تھانے لے گئے اور پروگرام کا ویڈیو بھی پولس کے حوالے کر دیا۔

اس واقعہ کے تعلق سے کچھ ہندی نیوز پورٹلس پر مقامی سی ایس پی کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ منرو کیفے کے مالک مکتاس جین نے پروگرام کی اجازت نہیں لی تھی، اور اس پروگرام میں 18 سال سے کم عمر کے بچے بھی موجود تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہند رکشک تنظیم کے ذریعہ سونپی گئی ویڈیوز کی بنیاد پر معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے، اور قصوروار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */