اردو ہمارے لیے صرف زبان نہیں بلکہ مشترکہ وراثت ہے: وزیر مملکت برائے تعلیم

مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم سنجے دہوترے نے کہا کہ اردو کی ترقی کے لئے وزارت تعلیم کونئے مشورے دیے جائیں تاکہ اردو زبان کی تیزترقی کے ساتھ اس کے لئے نئے وسائل بھی تیار کیے جا سکیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم سنجے دہوترے نے ایک میٹنگ کے دوران اردو کے تعلق سے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اردو ہمارے لئے نہ صرف ایک زبان ہے بلکہ مشترکہ وراثت ہے اس لئے اسے ملک کے تمام شہریوں تک پہنچانا چاہئے اور اس زبان کے فروغ اور ترقی کے لئے خاص طورپر جدید تکنیک کا استعمال کیا جانا چاہئے۔

دہوترے نے جمعہ کو نیشنل کونسل فار پروموشن آف اردو لیگنویج گورننگ کونسل کی 25ویں سالانہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کونسل اور ڈائرکٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اردو ہمارے لئے نہ صرف ایک زبان ہے بلکہ مشترکہ وراثت بھی ہے۔ ہمیں اردو زبان کو ملک کے تمام شہریوں تک پہنچانا چاہئے اور اردو زبان کے فروغ اور ترقی کے لئے خاص طورپر جدید تکنیک کا استعمال کیاجانا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی دیگر زبانوں کے ساتھ ساتھ اردو کی ترقی اور فروغ کے لئے سنجیدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نے جو نئی تعلیمی پالیسی بنائی ہے اس میں اردو زبان کے ترقی کا خاص طورپر خیال رکھا گیا ہے کیونکہ اردو ہندستان کی ایسی زبان ہے جس کے بیشتر الفاظ ملک کی ہر زبان میں پائے جاتے ہیں اور خود اردو میں بھی ہندستان کی مختلف زبانوں کے الفاظ ملتے ہیں۔


وزیر مملکت نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت آئین کے آٹھویں آرٹیکل میں درج اردو سمیت تمام زبانوں کی ترقی پر توجہ دی جائے گی اور اس مقصد سے اکادمیاں قائم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ان کی ترقی کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے درمیان زبان کو مقبول بنانے کی خاص طورپر ضرورت ہے۔ کوئی ایسا انتظام کیاجانا چاہئے کہ جو لوگ اردو رسم الخط اور اردو الفاظ سے ناواقف ہیں ان کے لئے بھی اردو کے الفاظ کے معنی سمجھنا ممکن ہو سکے۔

مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم سنجے دھوترے نے کہا کہ اردو زبان کو شہروں کے ساتھ گاوں گاوں تک لے جانے کی ضرورت ہے اور ہندستان کے کچھ ایسے گاووں کو نشان زد کیا جانا چاہئے جہاں کونسل کی طرف سے اردو میں پرکشش پروگراموں کا انعقاد کیا جائے اور وہاں اردو زبان کے جاننے اور سمجھنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرکے ان میں اردو پڑھنے لکھنے میں دلچسپی پیدا کرنے کے ساتھ اردو سے محبت پیدا کی جائے۔ اردو کی ترقی کے لئے وزارت تعلیم کونئے مشورے دیئے جائیں جس سے اردو زبان کی تیزترقی کے ساتھ اس کے لئے نئے وسائل بھی اختیار کئے جا سکیں۔


کونسل کے نائب صدر پروفیسر شاہد اختر نے وزیرمملکت برائے تعلیم دھوترے کی صدارتی تقریر کے دوران پیش کئے گئے نئے مشوروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے ڈائرکٹر عقیل احمد تمام مشوروں کو عمل میں لائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ان کے دور اقتدار میں کونسل کا بجٹ دوگنا سے بھی زیادہ ہوگیا ہے اور بلا شبہ موجودہ حکومت اردو کے فروغ کے لئے سنجیدہ ہے۔

کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد نے کونسل کا ایجنڈہ پیش کرنے سے پہلے دھوترے، لوک سبھا رکن جگدمبیکا پال، ہنس راج ہنس اور راجیہ سبھا کے رکن مجیب اللہ اور تمام اراکین کا استقبال کیا۔ عقیل احمد نے تمام اراکین سے اردو زبان کے فروغ و ترقی کے لئے مشورے کونسل تحریری طورپر بھیجے جانے کی درخواست کی تاکہ گورننگ باڈی میں انہیں منظوری کے لئے پیش کیا جاسکے۔ گورننگ کونسل کے رکن مجیب اللہ نے اپنی ریاست اوڈیشہ میں اردو زبان کو مقبول بنانے پر خاص طورپر زور دیا جبکہ ڈاکٹر زاہد تیمار پوری نے ہر ریاست میں اردو اکادمی قائم کئے جانے تجویز پیش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Aug 2020, 10:56 PM