بہار اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان ستمبر میں ممکن: نتیش کمار

انتخابی کمیشن نے اپنی سطح پر سبھی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ریاستی الیکشن کمیشن سے لگاتار رابطے میں ہے۔ نومبر میں اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے، اس لیے پولنگ اہلکاروں کو ٹریننگ بھی مکمل ہو چکی ہے۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی
user

تنویر

کورونا بحران میں بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر اب تک کشمکش کی صورت حال برقرار ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا ریاستی انتخابی کمیشن سے لگاتار رابطے میں ہے، لیکن فی الحال انتخاب کو لے کر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ اس درمیان وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بیان دیا ہے کہ ستمبر ماہ میں اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ انتخاب کے مدنظر افسران کو تیزی سے کام کرنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔

نتیش کمار کا یہ بیان بہار اسمبلی انتخاب کو فی الحال ٹالنے کی وکالت کرنے والی پارٹیوں کے لیے ایک زبردست جھٹکا ہے، کیونکہ وہ بار بار انتخابی کمیشن سے یہی گزارش کر رہے ہیں کہ کورونا پر کنٹرول ہونے کے بعد ہی انتخاب ہوں تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بہر حال، سبھی پارٹیاں اپنی طرف سے انتخاب کو لے کر تیاریاں ضرور کر رہی ہیں تاکہ تاریخوں کا اعلان ہونے پر وہ پیچھے نہ رہ جائیں۔ ویسے بھی نتیش کمار وقت پر انتخاب کرانا چاہتے ہیں اور اسی لیے انھوں نے اپنی طرف سے پوری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔


میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق مرکزی الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بھی اپنی سطح پر سبھی تیاریاں مکمل کی ہوئی ہیں اور ریاستی الیکشن کمیشن سے لگاتار رابطے میں ہے۔ چونکہ نومبر میں اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے، اس لیے ریاست میں پولنگ افسران کو انتخاب کرانے کی ٹریننگ بھی دی جا چکی ہے۔ برسراقتدار طبقہ وقت سے انتخاب کرانے پر زور دے رہا ہے جب کہ کئی اپوزیشن پارٹیاں انتخاب ٹالنا چاہتی ہیں۔ اس سلسلے میں سبھی سیاسی پارٹیوں نے گزشتہ 11 اگست تک اپنے مشورے بھی انتخابی کمیشن کے پاس بھیج دیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Aug 2020, 5:15 PM
/* */