یوپی: اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کی عدالتی جانچ ہو، انامیکا شکلا کو انصاف ملے، کانگریس

کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا نے کہا کہ اتر پردیش میں 69000 آساتذہ کی بھرتیوں میں ایک بہت بڑا گھپلہ ہوا ہے اور کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اس سلسلے میں مستقل آواز اٹھا رہی ہیں۔

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے اتر پردیش میں اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کے مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے سپریم کورٹ کے ایک جج کے ساتھ پورے معاملے کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا اور اس معاملے میں بدنام کی گئیں انامیکا شکلا کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ اتر پردیش میں 69000 کی بھرتیوں میں ایک بہت بڑا گھپلہ ہوا ہے اور کانگریس کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اس سلسلے میں مستقل آواز اٹھارہی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اس گھپلے کے متاثرین سے بھی بات کی ہے اور مسلسل ان کے دکھوں کو بانٹ رہی ہیں۔ انامیکا شکلا کو اس اسکینڈل میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کا تعلیمی ریکارڈ بہت اچھا تھا، لیکن گھپلہ کرنے والوں نے ان کے نام پر جعلی دستاویزات بنا کر لوگوں کو بہت سی جگہوں پر نوکریاں دلائیں۔


انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر تعلیم نے قبول کیا ہے کہ یہ گھپلہ ہوا ہے۔ متعدد اضلاع میں جعلی اساتذہ سامنے آرہے ہیں۔ ہر ضلع میں کم از کم چھ جعلی اساتذہ سامنے آرہے ہیں۔ چونکہ اس معاملے میں تمام گھپلے بے نقاب ہوچکے ہیں، لہذا ریاستی حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے کی سپریم کورٹ کے جج سے تحقیقات کرائے۔

راجیو شکلا نے کہا کہ اس گھپلے میں سب سے زیادہ چوٹ انامیکا شکلا کو ہوئی ہے اور ان کا نام خراب کیا گیا ہے۔ وہ اپنے تعلیمی کیریئر میں ٹاپ رہی ہیں اور گھپلہ بازوں نے اس کا فائدہ اٹھایا اور جعلی دستاویزات بنا کر جعلی لوگوں کو تیار کیا۔ حکومت کو انامیکیا کو نوکری دے کر ان سے معافی مانگنی چاہیے۔ گھپلہ بازوں سے ان کے کنبہ کے افراد کو نقصان ہوسکتا ہے، لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کے کنبہ کے ممبروں کی حفاظت کے انتظامات کرے۔


اساتذہ کی بھرتی گھپلہ میں اترپردیش حکومت جواب دے: پرینکا

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اساتذہ گھپلہ معاملے میں اتر پردیش حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑا گھوٹالہ حکومت کی ساز باز سے ہوا ہے اور اس میں لاکھوں نوجوانوں کے مستقل کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ اس لئے یوگی حکومت کو اس بارے میں جواب دینا پڑے گا۔ کانگریس کی اتر پردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینگا گاندھی نے جمعرات کو ٹوئٹ کرکے الزام لگایا کہ یہ گھوٹالہ حکومت کی ناک کے نیچے ہوا اور اسے دبا کر رکھا گیا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’لاکھوں نوجوانوں نے امتحان دیا۔ لاکھوں نے نوکری کی امید لگائی۔ لاکھوں نے سال بھر انتطار کیا۔ بی جے پی حکومت کی ناک کے نیچے سسٹم میں بیٹھے لوگوں کی ساز باز سے مہا گھوٹالہ ہوتا رہا۔ سال بھر اسے دبائے رکھا گیا۔ اب حکومت کو امتحان میں شامل ہوئے محنتی طلبا اور کامیاب ہوئے لوگوں کو جواب دینا ہی ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔