اتر پردیش میں سردی اور دھند کا زور، میرٹھ اور بریلی سمیت 7 اضلاع میں اسکول بند کرنے کے احکامات صادر

پورے شمالی ہندوستان میں بڑھتی ہوئی سردی اور گھنی دھند کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹوں نے میرٹھ، بریلی، علی گڑھ سمیت 7 اضلاع میں اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔

غازی آباد میں سردی اور گھنی دھند کے درمیان اسکول کے لئے روانہ ہوتیں بچیاں / Getty Images
غازی آباد میں سردی اور گھنی دھند کے درمیان اسکول کے لئے روانہ ہوتیں بچیاں / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کے میرٹھ اور آس پاس کے اضلاع میں کڑاکے کی سردی اور گھنی دھند کا زور نظر آ رہا ہے۔ پارہ مسلسل نیچے جا رہا ہے جس کے باعث سردی بھی بڑھ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے کئی مقامات پر حادثات بھی پیش آ رہے ہیں۔ دریں اثنا، اسکول جانے والے بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، جس کے پیش نظر میرٹھ سمیت 7 اضلاع میں اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

بڑھتی ہوئی سردی اور گھنی دھند کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹوں نے یوپی کے میرٹھ، بریلی، علی گڑھ سمیت 7 اضلاع میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان اضلاع میں آٹھویں تک کے اسکول بند رہیں گے۔ بریلی، علی گڑھ اور پیلی بھیت کے اسکولوں کو 28 دسمبر تک، جبکہ شاہجہاں پور میں 30 دسمبر تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔


اس کے علاوہ میرٹھ میں 27 دسمبر سے یکم جنوری 2023 تک اسکول بند رہیں گے۔ یہاں ضلع مجسٹریٹ نے ہدایت دی ہے کہ دسویں، بارہویں کے پری بورڈ اور پریکٹیکل امتحانات جاری رہیں گے، یعنی یہ پہلے سے طے شدہ تاریخوں پر ہی منعقد ہوں گے۔ تاہم، 8ویں سے اوپر کی کلاسیں (کلاس 9ویں سے 12ویں تک) صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک چلیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔