اتر پردیش: رکن اسمبلی اور اس کے بیٹے نے بندوق کی نوک پر کی عصمت دری، کیس درج

جیل میں بند رکن اسمبلی وجے مشرا، ان کے بیٹے وشنو مشرا اور ایک دیگر رشتہ دار کے خلاف بھدوہی میں اجتماعی عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

ت
ت
user

روی پرکاش

اتر پردیش میں عصمت دری کے لگاتار سامنے آ رہے معاملوں کے درمیان اب جیل میں بند رکن اسمبلی وجے مشرا، ان کے بیٹے وشنو مشرا اور ایک دیگر رشتہ دار کے خلاف خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ یہ کیس بھدوہی میں درج کیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ شروع ہو گئی ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ایک خاتون نے اتوار کو گوپی گنج پولس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وجے مشرا نے 2014 میں بندوق کی نوک پر اس کا کئی بار جنسی استحصال کیا۔ اس نے کہا کہ ان کے بیٹے وشنو مشرا اور ان کے رشتہ دار وکاس مشرا نے بھی اس کے ساتھ عصمت دری کی۔

گوپی گنج پولس اسٹیشن کے انسپکٹر کرشنانند رائے نے بتایا کہ وجے مشرا، ان کے بیٹے وشنو مشرا اور رشتہ دار وکاس مشرا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 376 ڈی (اجتماعی عصمت دری)، 342 (غلط طریقے سے یرغمال بنانا) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ مبینہ عصمت دری متاثرہ کو میڈیکل جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ ایک سینئر پولس افسر نے کہا کہ وارانسی کی رہنے والی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے 2014 عام انتخاب کے دوران بھدوہی میں انتخابی تشہیر کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس نے الزام لگایا کہ جب اس نے عصمت دری کی مخالفت کرنے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔


افسر نے کہا کہ رکن اسمبلی کے خوف سے خاتون ممبئی چلی گئی، لیکن معاملہ درج کرنے کے لیے ریاست واپس آ گئی جب اسے پتہ چلا کہ مشرا ایک دیگر معاملہ میں جیل میں ہے۔ وجے مشرا کو اگست میں ملکیت پر قبضہ کرنے کے ایک معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت آگرہ جیل میں ہیں۔ مشرا نے 2017 کا اسمبلی انتخاب 'نربل انڈین شوست ہمارا عام دل' (نشاد) پارٹی امیدوار کی شکل میں جیتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔