اتر پردیش پھر شرمسار، بیوہ اور عاشق کے چہرہ پر ڈالی گئی سیاہی، عریاں کرنے کی کوشش

مین پوری پولس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار کا کہنا ہے کہ 10 نامعلوم خواتین سمیت 16 لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 499 اور 500، 269 اور 270 کے ساتھ ساتھ دفعہ 506 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اتر پردیش کے مین پوری واقع ایک گاؤں میں دلت بیوہ کے ساتھ ساتھ ایک دیگر شخص کو برسرعام شرمسار کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مرد اور عورت دونوں ایک ہی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کےد رمیان مبینہ طور پر ناجائز رشتہ ہونے کے سبب مقامی لوگوں نے ایسا قدم اٹھایا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ کے اندر ہی ریاست میں اس طرح کا یہ دوسرا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جمعہ کی رات نگلا گربخش گاؤں میں ہوئے اس واقعہ میں عورت-مرد کے سر منڈوائے گئے، ان کے منھ پر سیاہی ڈالی گئی اور انھیں پہنانے کے لیے جوتوں کی مالا بنائی گئی۔ اتنا ہی نہیں، بیوہ خاتون کو عریاں کرنے کی بھی کوشش کی گئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ وقت رہتے دونوں کو پولس نے بچا لیا۔ اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ متاثرین میں سے ایک کی شکایت کی بنیاد پر پولس نے ہفتہ کے روز تین اشخاص کو گرفتار کیا۔ مین پوری پولس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار کا کہنا ہے کہ 10 نامعلوم خواتین سمیت 16 لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 499 اور 500، 269 اور 270، اور دفعہ 506 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بقیہ ملزمین کی تلاش جاری ہے۔


مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جوڑا گزشتہ تین سالوں سے رشتے میں تھا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے ایک پڑوسی نے جمعہ کو اسے مرد کے ساتھ مبینہ طور پر قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا، جس کے بعد انھوں نے ان کی پٹائی کی اور برسرعام انھیں شرمندہ کیا۔ واضح رہے کہ اس سے کچھ دن پہلے ہی قنوج ضلع میں ایک بیوہ اور معذور کو ان کے مبینہ ناجائز رشتوں کے سبب بطور سزا سر منڈوا کر اور چہرہ سیاہ کر کے گاؤں میں گھمایا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Aug 2020, 7:29 PM