یوپی: گورکھپور کا ایک لاکھ روپے کا انعامی گینگسٹر ایس ٹی ایف کے ساتھ مقابلہ میں ہلاک

اتر پردیش ایس ٹی ایف (اسپیشل ٹاسک فورس) نے گورکھپور کے بدنام زمانہ گینگسٹر ونود اپادھیائے کو سلطان پور میں ایک مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا ہے

<div class="paragraphs"><p>ونود اپادھیائے / آئی اے این ایس</p></div>

ونود اپادھیائے / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش ایس ٹی ایف (اسپیشل ٹاسک فورس) نے گورکھپور کے بدنام زمانہ گینگسٹر ونود اپادھیائے کو سلطان پور میں ایک مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایس ٹی ایف صدر دفتر کے ڈپٹی ایس پی دیپک کمار سنگھ کی قیادت میں ان کی ٹیم نے یہ کارروائی انجام دی۔ گورکھپور پولیس نے مافیا اور شارپ شوٹر ونود کمار پر ایک لاکھ روپے کا انعام رکھا تھا۔ اس کے خلاف 35 مقدمات درج تھے۔ ونود کمار اپادھیائے ایک منظم گینگ چلاتا تھا اور اس نے گورکھپور، بستی، سنت کبیر نگر اور لکھنؤ سمیت کئی مقامات پر قتل کی وارداتیں انجام دی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق جمعہ کی علی الصبح جب ایس ٹی ایف کی ٹیم نے سلطان پور میں ونود کا محاصرہ کر لیا، تو اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ ایس ٹی ایف کی جوابی کارروائی میں اسے گولی مار دی گئی۔ گولی لگنے کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔


ونود اپادھیائے اتر پردیش کے مافیا کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل تھے۔ وہ ایودھیا ضلع کے پوروا کا رہنے والا تھا۔ پچھلے سال ستمبر میں یوپی پولیس نے اس پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ ایس ٹی ایف اور گورکھپور کرائم برانچ کی ٹیم 7 ماہ سے اپادھیائے کی تلاش کر رہی تھی۔

ونود اپادھیائے 2007 میں پی ڈبلیو ڈی کے دفتر کے سامنے گینگ وار کے واقعے کی وجہ سے سرخیوں میں آیا تھا۔ اس وقت ونود اپادھیائے گینگ پر اندھادھند فائرنگ کی گئی تھی۔ اس میں رپورنجے رائے اور ستیندر کی موت ہو گئی تھی۔ اس حملے کا الزام لال بہادر یادو گینگ پر عائد کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں اجیت شاہی، سنجے یادو، اندرکیش پانڈے، سنجیو سنگھ سمیت 6 لوگوں کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔