یوپی انتخاب: کانگریس دیہی ووٹروں تک پہنچنے کے لیے منعقد کرے گا ’پرتگیا چوپال‘

اجے کمار للو نے امیدواروں اور عہدیداروں کو تحریر خط میں کہا ہے کہ کورونا بحران کے سبب کانگریس نے اپنی سبھی بڑی تقاریب کو ملتوی کر دیا ہے، لیکن چھوٹی تقاریب کا انعقاد احتیاط کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

اجے کمار للو، INCUttarPradesh
اجے کمار للو، INCUttarPradesh
user

قومی آوازبیورو

کانگریس پارٹی دیہی علاقوں میں ووٹروں تک پہنچنے کے لیے پورے اتر پردیش میں ’پرتگیا چوپال‘ کا انعقاد کرنے والی ہے۔ اتر پردیش کانگریس کمیٹی (یو پی سی سی) کے صدر اجے کمار للو نے امیدواروں اور عہدیداروں کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ کورونا کے موجودہ حالات کے پیش نظر کانگریس نے اپنی سبھی بڑی تقاریب کو ملتوی کر دیا ہے، لیکن چھوٹی تقاریب کا انعقاد احتیاط کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی گاؤں، محلوں اور وارڈوں میں ’پرتگیا چوپال‘ لگائی گئی۔

اجے للو نے کہا کہ روزانہ دو تین گاؤں میں پرتگیا چوپال کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پارٹی کے ریاستی، ضلع اور بلاک سطح کے عہدیدار حصہ لیں گے۔ ان چوپالوں میں خواتین کے لیے پارٹی کے انتخابی منشور اور کسانوں کے لیے کانگریس کے عزائم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں، بے روزگاروں اور خواتین کے خود کفیل امدادی گروپوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کانگریس نے اپنے 40 فیصد ٹکٹ خواتین امیدواروں کو دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ اگر پارٹی اسمبلی انتخاب جیتتی ہے تو 40 فیصد سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو ریزرویشن دینے کے علاوہ انھیں کئی دیگرے فائدے بھی دیئے جائیں گے۔


پارٹی نے اس سے قبل 12ویں درجہ میں داخلہ لینے والی لڑکیوں کو اسمارٹ فون اور گریجویشن کورس میں داخلہ لینے والی لڑکیوں کو اسکوٹر دینے کا اعلان کیا تھا۔ کورونا پروٹوکول کو دھیان میں رکھتے ہوئے ’چوپال‘ منعقد کی جائیں گی اور ضرورت کے مطابق ماسک و دوائیں فراہم کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ جنوری کے شروع میں ہی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی کمیشن نے سبھی طرح کی عوامی ریلیوں اور جلوسوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ سبھی پارٹیوں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو صرف 5 یا اس سے کم لوگوں کے گروپ میں گھر گھر انتخابی تشہیر کے لیے بھیج سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔