یوپی کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکل گوئل عہدے سے برطرف، ’کام میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے!‘

حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکل گوئل کو حکم کی تعمیل نہ کرنے اور کام میں دلچسپی نہ لینے کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے

مکل گویل
مکل گویل
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے یوپی کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) مکل گوئل کو برطرف کر دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکم کی تعمیل نہ کرنے اور کام میں دلچسپی نہ لینے پر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گوئل کو محکمہ شہری دفاع کا ڈائریکٹر جنرل بنایا گیا ہے۔ بیان کے مطابق، ’’ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکل گوئل کو سرکاری کام کو نظر انداز کرنے، محکمانہ کاموں میں عدم دلچسپی اور بے عملی کی وجہ سے ڈی جی پی کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔‘‘ فی الحال نئے ڈی جی پی کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔


مکل گوئل نے جولائی 2021 میں یوپی کے پولیس سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ عہدہ سنبھالتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ جرائم پر قابو پالیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پولیس اہلکار حساس اور ریاست کے لوگوں سے جڑے رہیں۔

گوئل اس سے قبل الموڑہ، جالون، مین پوری، ہاتھرس، اعظم گڑھ، گورکھپور، وارانسی، سہارنپور اور میرٹھ اضلاع کے ایس پی/ایس ایس پی رہ چکے ہیں۔ وہ انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔