یوپی: اٹاوہ میں دلت نوجوان کو مرغا بنانے کے بعد کی گئی پٹائی، 3 افراد پر ایف آئی آر، بی جے پی حکومت پر کانگریس حملہ آور
کانگریس نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اٹاوہ میں غنڈوں نے ایک دلت نوجوان کو مرغا بنا کر بے رحمی سے پیٹا اور اس کی ویڈیو بنا کر وائرل کر دی۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ غنڈوں نے اس کے منہ پر پیشاب بھی کیا۔‘‘

اٹاوہ ضلع کے بھرتھنا تھانہ علاقہ سے غنڈہ گردی اور غیر انسانی سلوک کا ایک شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ گزشتہ دنوں معمولی تنازعہ کے بعد کچھ بدمعاشوں نے ایک دلت نوجوان کو سڑک کے درمیان مرغا بنایا اور بے رحمی سے پٹائی کر دی۔ یہ واقعہ 8 اکتوبر کو پیش آیا تھا۔ شروع میں معاملہ دبا رہا، لیکن جب 25 اکتوبر کو ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہوئی تو پولیس نے فوری طور پر نوٹس لے کر کارروائی شرع کر دی۔ متاثرہ کی تحریر اور وائرل ویڈیو کی بنیاد پر بھرتھنا پولیس نے 3 نامزد ملزمان کے خلاف ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق یہ شرمناک واقعہ بھرتھنا قصبہ کے رانی نگر محلہ کا بتایا جا رہا ہے۔ متاثرہ نوجوان سمت دیواکر جو رانی نگر کا رہنے والا ہے، نے تھانہ میں شکایت درج کرائی۔ دیواکر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کسی کام سے جا رہا تھا، تبھی پرانے بھرتھنا محلہ کے رہنے والے نندن گپتا، لڈو گپتا اور ستیندر کمار نے اسے راستے میں روک لیا۔ متاثرہ کے مطابق معمولی تنازعہ کے بعد بدمعاشوں نے اسے ذات پر مبنی گالیاں دیتے ہوئے بے رحمی سے پیٹنا شروع کر دیا۔ اس کے بعد بدمعاشوں نے دلت نوجوان کو مرغا بنا کر اس کی تذلیل کی اور مار پیٹ کی ویڈیو خود اپنے موبائل سے ریکارڈ کی۔ ویڈیو میں نوجوان کی بے بسی اور مار پیٹ کا واقعہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس افسران کے مطابق وائرل ویڈیو کی فارینسک جانچ کرائی جا رہی ہے، تاکہ ویڈیو کی صداقت کی توثیق ہو سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس تعلق سے ایس پی دیہات شریش چندر نے بتایا کہ متاثرہ کی تحریر پر تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل دیگر واقعات بے بنیاد ہیں، لیکن جس واقعہ کا ویڈیو سامانے آیا ہے اس پر قانونی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی کے ساتھ ذات پر مبنی امتیاز یا تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے معاملوں میں پولیس پوری سختی کے ساتھ کارروائی کرے گی۔
دوسری جانب یوپی کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل سے مذکورہ واقعہ سے متعلق وائرل ویڈیو پوسٹ کر ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس نے لکھا کہ ’’اٹاوہ میں غنڈوں نے ایک دلت نوجوان کو مرغا بنا کر بے رحمی سے پیٹا اور اس کی ویڈیو بنا کر وائرل کر دی۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ غنڈوں نے اس کے منہ پر پیشاب بھی کیا۔‘‘ پوسٹ میں کانگریس نے یہ بھی لکھا کہ ’’غور کرنے والی بات یہ ہے کہ کچھ روز قبل ہی لکھنؤ میں ایک بزرگ دلت کو پیشاب چٹوانے کا قابل مذمت واقعہ پیش آیا تھا اور اب اٹاوہ میں پھر اسی طرح کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مسلسل ہو رہے ان واقعات نے یہ صاف کر دیا ہے کہ بی جے پی حکومت میں دلتوں کے لیے تحفظ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔