یو پی ضمنی انتخاب: 6 سیٹوں پر ضرور فتحیاب ہوئی بی جے پی، لیکن جونپور میں ضمانت ضبط

جونپور کی ملہنی اسمبلی سیٹ پر پہلی بار کمل کھلانے کی بی جے پی کی کوششوں پر پانی پھر گیا۔ یہاں سماج وادی پارٹی اور آزاد امیدوار کے درمیان قریبی مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

ای وی ایم
ای وی ایم
user

یو این آئی

جونپور: اترپردیش میں 7اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں 6سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرانے والی بی جے پی جونپور کے ملہنی سیٹ پر اپنی ضمانت بھی نہیں بچا سکی ۔یہاں بی جے پی ،بی ایس پی و کانگریس سمیت 14امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ ملہنی اسمبلی سیٹ پر پہلی بار کمل کھلنے کی بی جے پی کی ساری کوششوں سے پر پانی پھر گیا۔ یہاں سماج وادی پارٹی اور آزاد امیدوار کے درمیان قریبی مقابلہ ہوا جبکہ بی جے پی، بی ایس پی کانگریس سمیت 14امیدواروں کی ضمانت تک ضبط ہوگئی۔

ملہنی سیٹ پر بی جے پی کی شکست فاش نے جہاں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی دو ریلیوں پر پانی پھیرا ہے وہیں دونوں نائب وزرائے اعلی،شہر رکن اسمبلی و ریاستی وزیر گریش چندر یادو سمیت نصف درجن سے زیادہ وزراء کی مقبولیت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ملہنی اسمبلی حلقے پر کل 2لاکھ 7ہزار 89رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ یہاں پر ایس پی امیدوار لکی یادو کو 73ہزار 384ووٹ حاصل ہوئے جبکہ آزاد امیدوار دھننجے سنگھ کو 68ہزار 780ووٹ ملے۔بی جے پی امیدوار منوج سنگھ کو 28ہزار 803ووٹ ملے۔


ملحوظ رہے کہ ضمانت بچانے کے لئے امیدوار کو کل پڑے ووٹوں کے 6ویں حصے کا ووٹ حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے۔اس حساب سے ضمانت بچانے کے لئے 34ہزار 100ووٹوں کی ضرورت تھی جسے شکست خوردہ دھننجے سنگھ کو چھوڑ کر کوئی بھی امیدوار نہیں حاصل کرسکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔