بہار: این ڈی اے کی فتح کا جشن مناتے ہوئے شرپسندوں نے کیا مسجد پر حملہ، کئی نمازی زخمی، دیکھیں ویڈیو

شرپسندوں کے حملہ کے درمیان زخمی ایک شخص نے بتایا کہ شرپسند افراد نے مسجد کے دروازے کو توڑا اور کچھ لوگوں کی شدید پٹائی کی۔ مسجد کے سامنے والے گھر پر بھی پتھراؤ کی بات سامنے آ رہی ہے۔

user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے نے 125 سیٹیں حاصل کر لی ہیں جس کے بعد ایک بار پھر نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ لیکن بہار کے موتیہاری ضلع میں اس فتح کا جشن مناتے ہوئے کچھ شرپسند افراد نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے مسلمانوں میں خوف اور مایوسی کا عالم ایک ساتھ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ’ملت ٹائمز‘ کے یو ٹیوب چینل پر اَپ لوڈ ایک ویڈیو کے مطابق موتیہاری ضلع کے ڈھاکہ تھانہ حلقہ واقع جموا گاؤں میں مسجد پر اینٹ اور پتھر سے زبردست حملہ کیا گیا اور ’جے شری رام‘ کے نعروں کے درمیان نمازیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت پر نہ صرف سوالیہ نشان لگا رہا ہے، بلکہ اقلیتی طبقہ کے تعلق سے ان کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کی بھی قلعی کھول رہا ہے۔


’ملت ٹائمز‘ کے یو ٹیوب چین پر 6.16 منٹ کا جو ویڈیو اَپ لوڈ کیا گیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ جموا گاؤں میں بی جے پی امیدوار کی جیت کا جشن مناتے ہوئے لوگوں نے مسجد پر پتھراؤ کیا، جس میں نماز پڑھ رہے متعدد نمازی زخمی ہو گئے۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ پتھراؤ کرنے والے اور مسجد میں توڑ پھوڑ مچانے والے شرپسند عناصر ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگا رہے تھے اور گالی گلوج بھی کر رہے تھے۔ اچھی بات یہ رہی کہ ہنگامے کی خبر ملتے ہی پولس موقع پر پہنچ گئی اور دو لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ پورے علاقے میں پولس کیمپ کر رہی ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ سرزد نہ ہو۔

اس حملہ کے درمیان زخمی ایک شخص نے ویڈیو بناتے ہوئے بتایا کہ شرپسندوں نے مسجد کے دروازے کو توڑا اور کچھ لوگوں کی شدید پٹائی کی۔ مسجد کے سامنے والے گھر پر بھی پتھراؤ کی بات ویڈیو میں بتائی گئی ہے۔ ویڈیو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ وضو خانہ اور مسجد کے احاطہ میں اینٹ کے بڑے بڑے ٹکڑوں سے حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کے دوران کئی حصوں کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔ اینٹ پتھر چاروں طرف بکھرے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور ویڈیو میں اسٹینڈ والا پنکھا بھی گرا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ملت ٹائمز نے جو ویڈیو یو ٹیوب پر اَپ لوڈ کیا ہے اس کی تصدیق ’قومی آواز‘ نہیں کرتا، لیکن جیسے مناظر اس ویڈیو میں دکھائے گئے ہیں اور سیکورٹی فورسز سرگرم دکھائی دے رہے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے میں حالات کشیدہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Nov 2020, 7:11 PM
/* */