یو پی اسمبلی انتخاب: جیت کے لیے بی جے پی ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل پر دے رہی زور
بی جے پی جہاں غیر یادو او بی سی اور غیر جاٹو ایس سی سماج کے لوگوں کا سمیلن کر رہی ہے، تو وہیں بنارس میں 117 پروجکٹوں کو پورا کر کے اسے عوام کو معنون کر کے ترقی کا ایک ماڈل پیش کرنے کی کوشش میں ہے۔

لکھنؤ: آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کو کسی بھی حالت میں جیتنے کی ادھیڑ بن میں مشغول بی جے پی نے سوشل انجینئرنگ کے ساتھ ساتھ ترقیاتی پروجکٹوں کی تیزی کے ساتھ تکمیل کو اولین ترجیح میں رکھا ہے۔ پارٹی کی جانب سے الگ الگ طبقات کے ساتھ سمیلن کے انعقاد اور 8800 کروڑ روپئے کی 107 پروجکٹوں کو انتخابات سے قبل پورا کرنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ اور دیگر امور کے ساتھ انہیں ترقیاتی پروجکٹوں کو انتخابی تشہیر میں ماڈل کے پر پیش کر کے عوام الناس کو اپنی طرف مائل کرنے کا فارمولہ تیار کیا جا رہا ہے۔
بی جے پی جہاں ایک جانب غیر یادو او بی سی اور غیر جاٹو ایس سی سماج کے لوگوں کا سمیلن کر رہی ہے، تو وہیں بنارس میں 117 پروجکٹوں کو پورا کر کے اسے عوام کو معنون کر کے ترقی کا ایک ماڈل پیش کرنے کی کوشش میں ہے۔ یوپی انتخابات سے قبل بنارس اور اس کے آس پاس کے 117 پروجکٹوں کو پورا کیا جائے گا۔ یہی نہیں انتخاب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے دیرینہ خواب والے پروجکٹ کاشی وشوناتھ کاریڈو کو بھی نومبر کے آخر تک پورا کرنے کا ہدف رکھا گیا اور انتخابات سے عین قبل پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح خود وزیر اعظم کرسکتے ہیں۔
وارانسی سے موصول اطلاع کے مطابق کاشی وشوناتھ کاریڈور کا 70 فیصدی کام پورا ہوچکا ہے۔ وارانسی میں چھوٹے بڑے کل 117 پروجکٹ ہیں جن کے کل اخراجات کا تخمینہ 8800 کروڑ روپئے ہے۔ ان میں صرف 10 ایسے پروجکٹ ہیں جن پر مزید وقت لگ سکتا ہے۔ جبکہ 107 پروجکٹ اپنے آخری مرحلے میں ہیں۔ اور دسمبر تک ان 107 پروجکٹ پائے تکمیل تک پہنچنے کے قومی امکانات ہیں۔
ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ سوشل انجینئرنگ پر بھی بی جے پی پوری طرح سے دھیان مرکوز کئے ہوئے ہے۔ غیر یادو او بی سی اور غیر جاٹو دلت ووٹوں کو اپنے ساتھ متحد رکھنے کے لئے بی جے پی ذات پر مبنی سمیلن پر زور دے رہی ہے۔ ہفتہ کو ایس سی سماج کے قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ لال پور میں منعقد ہوئی۔ جس سے جے پی نڈا نے ورچولی خطاب کیا۔ 18 اور 19ستمبر کو ہونے والے اس دوروزہ میٹنگ کے اختتامی اجلاس میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے شریک ہونے کے قومی امکانات ہیں۔ وہیں وشوکرما، پرجا پتی، موریہ، پٹیل، کشواہا جیسے برادری کے الگ الگ سممیلن بی جے پی لگاتار کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Sep 2021, 8:13 AM