یوپی اسمبلی الیکشن: مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے جاری کیا وضاحتی بیان

صدر مسلم پرسنل لا بورڈ نے مزید کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف منسوب کسی سیاسی اعلان یا کسی سیاسی پارٹی کی حمایت کی اپیل کومعتبر نہ سمجھا جائے،خود میرا اور ندوۃ العلماء کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے۔

مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی، تصویر آئی اے این ایس
مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری 2022 میں اترپردیش میں الیکشن ہے، اس کی گہما گہمی ابھی سے شروع ہوگئی ہے لیکن مسلم پرسنل لا بورڈ کا بحیثیت ادارہ، سیاست سے کوئی سروکار نہیں ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ مسلم پرسنل لا بورڈ اور خاص کر بحیثیت صدر مجھ سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ کسی ایک پارٹی کی حمایت میں اپیل جاری کی جائے۔ یہ لوگ نہ تو مسلم پرسنل لاء بورڈ کے دستور سے واقف ہیں نہ اس کے دائرۂ کار سے، نہ اس کے اغراض ومقاصد سے اور نہ اس کی پچھلی تاریخ سے۔ بورڈ کے دستور کی دفعہ نمبر 4 میں واضح طور پر لکھا ہے کہ”مسلم پرسنل لا بورڈ کا بحیثیت ادارہ، سیاست سے کوئی سروکار نہیں ہوگا“۔


صدر مسلم پرسنل لا بورڈ نے مزید کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف منسوب کسی سیاسی اعلان یا کسی سیاسی پارٹی کی حمایت کی اپیل کومعتبر نہ سمجھا جائے،خود میرا اور ندوۃ العلماء کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ الیکشن کے موقع پر افواہوں کا بازار گرم ہوجاتا ہے اور جھوٹے اور فرضی بیانات سے لوگوں کو گمراہ کیا جاتا ہے۔ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، ان کو پہچانئے اور دھوکہ نہ کھائیے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹ دینا آپ کا جمہوری حق ہے۔ کس کو چننا ہے یہ فیصلہ خود آپ کو کرنا ہے، سوچ سمجھ کر اپنے اس حق کا استعمال کیجیے،ملک وملت کا مفاد پیش نظر رکھیے۔

صدر مسلم پرسنل لا بورڈنے کورونا گائیڈ لائن کے تعلق سے کہا کہ ہمارا ملک کورونا کے بحران سے دوچار ہے، عید قرباں کے موقع پر ضروری احتیاط لازمی ہے۔ حکومت کی طرف سے جو ہدایات دی گئی ہیں ان کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */