حج 2021: ’...اور تم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو جاؤ گے‘، شیخ بندر بلیلہ نے پیش کیا خطبہ حج

آج مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر کی نماز یکجا کر کے ادا کی گئی جس کی امامت الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے کی اور پھر نماز کے بعد خطبۂ حج پیش کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کورونا ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے حج 2021 اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے۔ آج حجاج کرام نے عرفات واقع مسجد نمرہ میں کافی وقت گزارا اور الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ کے ذریعہ خطبۂ حج پیش کیے جانے کے بعد سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے مسجد سے باہر نکل گئے۔ اس کا ویڈیو حرمین شریفین کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر اَپ لوڈ کیا گیا ہے جس میں حجاج کرام انتہائی منظم انداز میں مسجد نمرہ سے نکل کر اپنے آگے کے سفر پر بڑھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

آج مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر کی نماز یکجا کر کے ادا کی گئی جس کی امامت الشیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے کی اور پھر نماز کے بعد خطبہ حج پیش کیا۔ انھوں نے خطبہ کے دوران پوری دنیا اور پوری انسانیت کے حق میں دعا کی اور کہا کہ ’’اے مومنو! اللہ سبحانہٗ وتعالی سے اس کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے ڈرو، اور تم بڑی کامیابی حاصل کرو گے، اور دنیا و آخرت میں کامیاب ہو جاؤ گے۔‘‘


شیخ بندر بلیلہ نے اللہ کی عبادت میں خشوع و خضوع، خصوصاً نماز کی پابندی کا مشورہ بھی لوگوں کو دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اللہ کی عبادت میں ایک اچھی بات یہ ہے کہ روزانہ کی پانچ نمازوں کی ادائیگی کو وقت پر رکھنا ہے۔‘‘ اپنے خطبہ کے دوران انھوں نے یہ بھی کہا کہ معاشرتی یکجہتی نے اتحاد کو پیدا کیا اور موجودہ وقت میں اس اتحاد کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jul 2021, 5:11 PM