مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے ’سردی‘ کو ٹھہرایا رسوئی گیس کی قیمت میں اضافہ کا ذمہ دار

مرکزی وزیر برائے پٹرولیم دھرمیندر پردھان سے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافہ پر سوال کیا گیا تو وہ خاموش ہو گئے۔ انھوں نے اس سلسلے میں کچھ بھی جواب نہیں دیا۔

دھرمیندر پردھان، تصویر یو این آئی
دھرمیندر پردھان، تصویر یو این آئی
user

تنویر

رسوئی گیس اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافہ سے عوام پریشان ہے اور اپوزیشن پارٹیاں اس تعلق سے لگاتار مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہی ہیں۔ اس درمیان مرکزی وزیر برائے پٹرولیم دھرمیندر پردھان کے لیے اس وقت مشکلیں پیدا ہو گئیں جب میڈیا نے رسوئی گیس اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر جواب مانگا۔ جمعہ کے روز جب دھرمیندر پردھان دو روزہ وارانسی دورہ پر پہنچے تو رسوئی گیس کی مہنگائی پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’جاڑے کی وجہ سے قیمت بڑھی ہے۔ جاڑا کم ہوگا تو قیمت بھی کم ہو جائے گی۔‘‘

دھرمیندر پردھان نے آئندہ دنوں میں رسوئی گیس کی قیمت کم ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسے جیسے موسم بدلے گا، قیمت کم ہو جائے گی۔ یہ بین الاقوامی معاملہ ہے۔ جیسے جیسے سردیاں کم ہوں گی، گیس کی قیمت بھی گھٹے گی۔ ابھی بازار میں طلب زیادہ ہے جس کا اثر قیمت میں دکھائی پڑ رہا ہے۔‘‘ جب مرکزی وزیر سے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافہ پر سوال کیا گیا تو وہ خاموش ہو گئے۔ انھوں نے اس سلسلے میں کچھ بھی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ پٹرول اور ڈیزل کے بارے میں سوال سن کر وہ بغلیں جھانکتے ہوئے نظر آئے اور بغیر جواب دیے آگے نکل گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔